Jul ۱۱, ۲۰۲۱ ۱۷:۱۳ Asia/Tehran
  •  غرب اردن صیہونیوں کا بھرپور مقابلہ کرے: حماس کی اپیل

تحریک حماس نے غرب اردن کے فلسطینیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صیہونی حکومت کے نسل پرستانہ منصوبوں اور صیہونی کالونیوں کے توسیعی منصوبوں کو ناکام بنانے کے لئے صیہونی دشمن کے خلاف استقامت جاری رکھیں۔

تحریک حماس کے ترجمان عبداللطیف القانوع نے اتوار کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے غاصبوں کے خلاف استقامت و مزاحمت جاری رکھنے پرزوردیا۔ اس درمیان بیتا، بیت دجن ، کفرقدوم، قصرہ، جبع، ترقومیا اور سلوان سمیت غرب اردن اور مقبوضہ فلسطین کے مختلف علاقوں اور دیہاتوں میں غاصب صیہونی فوجیوں اور صیہونی انتہا پسندوں کے ساتھ ہونے والی جھڑپوں میں دسیوں فلسطینی زخمی ہوئے۔

القانوع نے کہا کہ صیہونی کالونیوں کی تعمیر کے خلاف عوامی مظاہرے اورغاصب فوجیوں کے خلاف جدوجہد صیہونی حکومت کی سازشوں اور منصوبوں کو ناکام بنا دے گی اور اس سے غاصب صیہونیوں کے خلاف ملت فلسطین کے عزم و ارادے اوراستقامت و پائیداری کا پتہ چلتا ہے۔

 جنوبی نابلس کی بیتا اور قصرہ کالونیوں پر صیہونی فوج کے حملے میں اکاون فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔

 درایں اثنا انجمن علمائے فلسطین نے صیہونیوں کی جانب سے مسجدالاقصی پر ایک ساتھ دھاوا بولنے اور اس کی توہین کرنے کی اپیل پرسخت انتباہ دیا ہے۔

 فلسطین کے انفارمیشن سنٹر کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی علماء کی انجمن کے سربراہ نسیم یاسین نے اتوار کو ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ انتہاپسند صیہونی گروہوں اور اداروں نے اٹھائیس ماہ رمضان کو مسجد الاقصی پر حملے میں ناکام ہونے کے بعد آٹھ ذی الحجہ کو  ایک بار پھر اپنے مذموم عزائم کو عملی جامہ پہناتے ہوئے مسجد الاقصی پرحملے کا منصوبہ بنارہے ہیں اور مسجدالاقصی پر حملے کے بعد اس کے اندر تلمودی نامی پروگرام منعقد کرنا چاہتے ہیں جس کے دوران صیہونی حکومت کا پرچم بھی لہرایا جائے گا۔

نسیم یاسین نے غاصب صیہونی انتہاپسندوں کا مقابلہ کرنے اور مسجدالاقصی پر ان کے  حملے کا مقابلہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ تجربے سے ثابت ہوتا ہے کہ مسجد الاقصی میں اعتکاف صیہونیوں اور ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کا بہترین راستہ ہے ۔

فلسطین کے مسلم علماء کی انجمن  کے سربراہ نے تمام فلسطینیوں سے زیادہ سے زیادہ تعداد میں مسجدالاقصی میں جمع ہونے اور آٹھ ذی الحجہ سے اعتکاف شروع کرنے کی اپیل کی ہے۔

 

ٹیگس