لبنان ، سعد حریری کے حامیوں کو فوج کا انتباہ
لبنان، جنرل جوزف عون نے کہا ہے کہ ملک میں گڑبڑ پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائيگی۔
لبنان کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل جوزف عون نے ملک کی موجودہ کشیدہ سیاسی و سماجی صورتحال کے پیش نظر اپنے ایک بیان میں خبردار کیا ہے کہ کسی کو بھی گڑبڑ پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
فارس نیوز کے مطابق جنرل جوزف عون نے البقاع کے علاقے میں لبنانی فوجی دستوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا صورتحال ابتری کی طرف جارہی ہے اور صورتحال تیزی کے ساتھ بگڑرہی ہے، کیونکہ ہم سیاسی اور سماجی اعتبار سے سخت مشکل میں گرفتار ہيں۔
جنرل جوزف نے کہا اس مرحلے میں فوجی ادارے کی ذمہ داری بڑھ جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وطن عزیز میں امن و استحکام اور ہرج و مرج کی روکتھام کی ذمہ داری ہم پر عائد ہوتی ہے۔
جنرل جوزف عون نے کہا کہ لبنانی عوام کی مشکلات ملک کی معاشی بدحالی کی وجہ سے بڑھ رہی ہيں۔
فوجی جوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے جنرل جوزف عون نے کہا کہ ملک کی سلامتی ہماری ریڈلائن ہے اور فوج ملک میں جاری ہرقسم کی گڑبڑ کی روکتھام کرے گی۔
واضح رہے کہ کابینہ کی تشکیل سے سعدحریری کے انصراف کے بعد ان کے حامیوں نے بیروت سمیت دیگر مقامات پر احتجاج کیا، کئی مقامات پر سیکورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات ملی ہیں۔