Jul ۲۶, ۲۰۲۱ ۱۸:۳۵ Asia/Tehran
  • فلسطین کی تحریک استقامت کے ہاتھوں صیہونی ڈرون طیارے کی تباہی

فلسطینی ذرائع‏ نےغزہ میں صیہونی حکومت کا ایک ڈرون طیارہ مار گرائے جانے کی خبر دی ہے۔ اس درمیان حماس نے غزہ پر صیہونی حکومت کی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے اسے اسرائیل کی طرف سے طاقت کے اظہار کی ناکام کوشش قرار دیا ہے۔

فلسطین کی تحریک استقامت نے  غزہ کے مشرق میں واقع خان یونس کے علاقے میں غاصب صیہونی حکومت کا ایک ڈرون طیارہ مار گرایا ہے۔ یہ کارروائی غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کے اتوار کی رات کے حملوں کے موقع پر انجام پائی۔ فلسطینی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کی جارحانہ کارروائی کے موقع پر تحریک استقامت نے صیہونی ڈرون طیاروں پر فائرنگ کی جس میں ایک ڈرون طیارہ نشانہ بنا اور گر کر تباہ ہو گیا۔

غاصب صیہونی حکومت کے جنگی اور ڈرون طیاروں نے اتوار کی رات غزہ کے شمال مغربی علاقے میں زرعی اراضی اور خان یونس کے مشرقی علاقے میں تحریک استقامت  کے ایک ٹھکانے کو اپنی جارحیت کا نشانہ بنایا، البتہ اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ صیہونی حکومت نے دعوی کیا ہے کہ یہ حملہ، غزہ کی جانب سے مقبوضہ علاقوں کی جانب آتش گیر مواد کے حامل غبارے چھوڑے جانے کے ردعمل میں کیا گیا ان غباروں کے نتیجے میں صیہونی علاقوں میں آگ لگنے کے کئی واقعات پیش آئے ہیں۔

دریں اثنا فلسطین کی اسلامی استقامتی تحریک حماس نے غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اس کو طاقت کی نمائش کی  ایک ناکام کوشش قرار دیا ہے۔ ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق تحریک حماس کے ترجمان حازم قاسم نے پیر کے روز ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ غزہ پر بمباری طاقت کا دکھاوا کرنے اور صیہونی فوج کی ساکھ کی بحالی کے لئے غاصب صیہونی حکومت کی ناکام کوشش ہے کہ جس پر سیف القدس نامی جنگ سے لرزا  طاری ہو گیا ہے۔ انھوں نے  کہا کہ اس قسم کے حملوں سے فلسطینی حقوق کی بازیابی کے لئے فلسطینیوں کی استقامت کا سلسلہ بند نہیں ہو گا اور فلسطینی علاقوں کی آزادی اور فلسطینیوں کے حقوق کی بحالی کے لئے تحریک استقامت کی قانونی اور برحق جدوجہد جاری رہے گی۔

حماس کے ترجمان نے کہا کہ فلسطین کی تحریک استقامت ہر قسم کے معرکے کو فتح کرنے کے لئے آمادہ ہے اور وہ غاصب صیہونی حکومت کو علاقے پر اپنے نظریات تھوپنے اور مرضی چلانے کی ہرگز اجازت نہیں دے گی۔ 

ٹیگس