Jul ۲۷, ۲۰۲۱ ۰۸:۳۵ Asia/Tehran
  • عراق: داعش کا خطرناک سرغنہ گرفتار

عراق کی خفیہ سیکورٹی ادارے کے اہلکاروں نے داعش کے ایک سرغنہ کو گرفتار کر لیا ہے۔

تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراق کی  فوج کے خفیہ ادارے نے خبر دی ہے کہ صوبہ الانبار میں ایک کامیاب آپریشن کے دوران داعش کے ایک خطرناک دہشتگرد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ گرفتار ہونے والا دہشتگرد اس علاقے میں داعش دہشتگرد گروہ کے مفتی کے طور پر پہچانا جاتا تھا۔

خبر رساں ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ داعش کے جس سرغنہ کو گرفتار کیا گیا ہے وہ داعش کے مشہور سرغنوں میں سے ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی نے صوبے الانبار میں اپنی کارروائی کے دوران داعشی تکفیری عناصر سے متعلق اہم دستاویزات حاصل کی تھیں۔

عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی، اپنے ملک کی دیگر سیکورٹی فورسز کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہی ہے اور وہ مختلف علاقوں میں جاری آپریشنز میں شامل ہے اور خاص طور سے داعشی عناصر کے خلاف وہ مکمل طور پر سرگرم عمل ہے۔

یاد رہے کہ عراق میں داعش دہشت گرد گروہ کی شکست کے اعلان کے باوجود اس تکفیری گروہ کے کچھ عناصر مختلف علاقوں میں روپوش ہیں جو موقع ملنے پر دہشت گردانہ کاروائیاں کر کے عراقی عوام میں دہشت کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں، حالانکہ الیوم السابع کی رپورٹ کے مطابق عراقی فورسز عراق کے شہر موصل اور کرکوک میں روپوش اور باقیماندہ داعش دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ٹیگس