صیہونی فوجیوں کی فائرنگ سے ایک فلسطینی شہید 49 زخمی
Jul ۲۸, ۲۰۲۱ ۰۸:۳۳ Asia/Tehran
غرب اردن میں صیہونی فوجیوں کی فائرنگ سے ایک فلسطینی نوجوان شہید ہوگیا ۔
معا فلسطین کی رپورٹ کے مطابق اکتالیس سالہ شادی عمر لطفی سلیم فلسطینی غرب اردن کے بیتا علاقے میں اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ میں شہید ہوا۔
قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت کے فوجیوں نے منگل کی شام بھی غرب اردن کے بیتا نامی دیہی علاقے میں نہتے فلسطینی مظاہرین پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں انچاس فلسطینی زخمی ہو گئے تھے۔
دوسری جانب فلسطینی عوام نے غزہ کے محاصرے، صیہونی بستیوں کی تعمیر اور صیہونیوں کے جاری جرائم کے خلاف ہر ہفتے کی طرح منگل کی شام کو بھی فلسطین کے مختلف علاقوں میں مظاہرے کئے۔
واضح رہے کہ صیہونی حکومت کی جیلوں میں اس وقت بھی چار ہزار سات سو فلسطینی قیدی موجود ہیں جن میں دو سو پچاس بچے اور سینتالیس عورتیں شامل ہیں۔