یمن بدستور سعودی اتحاد کی بمباری کی زد میں
سعودی عرب یمن میں جنگ بندی کی کوشش کرنے سے متعلق اپنے جھوٹے بیانات کے باوجود یمن کے مختلف علاقوں پر حملے کر رہا ہے۔
المسیرہ ٹی وی نے ایک فوجی ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ الجبلیہ، الفازہ و الجاح کے علاقوں کو ڈرون طیاروں کے ذریعے پانچ بار حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
یمن کے اس فوجی ذریعے کے مطابق دشمن کے اٹھارہ جاسوس طیاروں نے الدریھمی ، التحیتا ، الجاح اور الجبلیہ کی فضائی حدود میں پروازیں انجام دیں اور دس بار توپخانوں سے گولہ باری کی جبکہ ایک سو اکیس بار ان علاقوں کو فائرنگ کا نشانہ بنا کر الحدیدہ جنگ بندی معاہدے کو پامال کیا۔
صوبہ الحدیدہ میں جنگ بندی کے بارے میں سوئیڈن امن منصوبے کی خلاف ورزی کا سلسلہ ایسے عالم میں جاری ہے کہ جارح فوجی سمجھوتے پر عمل درآمد نہیں کر رہے ہیں، یہاں تک کہ یمن میں ایندھن بھی پہونچنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
دوسری جانب یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی السریع نے النصر المبین آپریشن کے دوسرے مرحلے میں صوبہ البیضاء کے تین سو نوے کلومیٹر کے علاقے کو آزاد کرا لینے کی خبر دی ہے
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے سنیچر کو کہا کہ النصرالمبین فوجی آپریشن کا دوسرا مرحلہ صوبہ البیضاء کے نعمان اور ناطع اضلاع کی آزادی پر منتج ہوا ہے۔
یحیی سریع نے مزید کہا کہ اس آپریشن میں داعش اور القاعدہ کے دہشتگردوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے اور ان گروہوں کے ایک سو ساٹھ دہشتگرد ہلاک اور دوسو سے زیادہ زخمی ہوئے جبکہ دسیوں فوجی ساز و سامان ، گاڑیوں اور ہتھیاروں کو تباہ کردیا گیا۔
یحیی سریع نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اس آپریشن میں مسلح افواج کے مختلف دستوں نے حصہ لیا، کہا کہ یمنی فوج کے میزائلی یونٹ نے بدر اور سعیر سمیت مختلف قسم کے میزائلوں کے ذریعے تیرہ کارروائیاں انجام دیں جبکہ مسلح افواج مقامی حکام کے تعاون سے آزاد ہونے والے تمام علاقوں میں عوام کی زندگی معمول پر لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا کہ مسلح افواج، صوبہ البیضاء اور اس کے قبائلی افراد کی مدد سے دیگر اڈوں سے بھی دہشتگردوں کا صفایا کرنے کے لئے کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں اور امریکی سازشوں سے آگاہ ہیں۔
اس درمیان یمن کے صحافتی ذرائع نے مآرب سیکٹر پر ہونے والی جھڑپوں میں جارح سعودی اتحاد کے ایک افسر کے ہلاک ہونے کی خبر دی ہے
عربی اکیس ویب سائٹ کے مطابق مآرب سیکٹر پر ہونے والی جھڑپوں میں یمن کی مستعفی حکومت کی زر خرید فوج کی بٹالین ایک سو تینتالیسویں کے افسر جنرل عباد احمد الحلیسی ہلاک ہو گئے۔
جنرل احمد الحلیسی مآرب سیکٹر کے جنوبی شہر رحبہ میں یمنی فوج اور منصور ہادی کی مستعفی حکومت کے جنگجؤں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے دوران ہلاک ہوا۔
رپورٹ کے مطابق تیل کی دولت سے مالا مال صوبہ مآرب پر کنٹرول حاصل کرنے کے لئے اس شہر کے جنوب ، مغرب اور شمال مغرب میں جنگ شدت اختیار کرگئی ہے۔