رضاکار فورس پر اعتماد، جنوب موصل کے قبائل کی حکومت سے عجیب درخواست
جنوب موصل کی قبائل کونسل کے رکن کا کہنا ہے کہ حکومت عراق کو اس علاقے کی سیکورٹی کی ذمہ داری رضاکار فورس الحشد الشعبی کے حوالے کر دینی چاہئے۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جنوب موصل کی قبائل کونسل کے رکن خالد السبعاویی نے تاکید کی ہے کہ بغداد حکومت کو چاہئے کہ اس علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرے۔
انہوں نے المعلومہ ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ دنوں میں دہشت گرد گروہ داعش کا خطرہ بڑھ گیا ہے اور اغوا نیز حملوں کے متعدد واقعات رونما ہوئے ہيں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم تاکید کرتے ہیں کہ علاقے کی سیکورٹی کے مسئلے کو حکومت کو رضاکار فورس الحشد الشعبی کے حوالے کر دینا چاہئے۔
عراق کے اس مقامی عہدیدار کا کہنا ہے کہ ہم نے بارہا مخمور پہاڑی علاقے میں داعش کے خلاف متعدد آپریشن کے واقعات سنے لیکن داعش کے عناصر اب بھی علاقے میں موجود ہیں اور کھلے عام دہشت گردی کر رہے ہیں۔
جنوب موصل کی قبائل کونسل کے رکن خالد السبعاویی نے اس علاقے میں داعش کے دہشت گردوں کے قتل و غارت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہی سبب ہے کہ میں سمجھتا ہوں کہ صرف الحشد الشعبی ہی اس علاقے میں سیکورٹی قائم کر سکتی ہے اور اس علاقے کو آزاد کرا سکتی ہے۔