Aug ۱۵, ۲۰۲۱ ۲۰:۳۸ Asia/Tehran
  • فائل فوٹو
    فائل فوٹو

صیہونی حکومت کے فوجیوں نے غرب اردن اور مقبوضہ بیت المقدس کے مختلف علاقوں پر حملے کیے جن کے دوران فلسطینیوں سے اس کی جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق صیہونی فوجیوں نے اتوار کی صبح قلقیلیہ کے عزون ٹاؤن پر حملہ کیا اور فلسطینیوں پر شیلنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔

جنین شہر میں صیہونی فوجی یعبد ٹاؤن کے اطراف میں واقع فلسطینیوں کے گھروں میں زبردستی داخل ہوکر چھتوں پر تعینات ہوگئے۔ اس سے پہلے کوہ صبیح کے علاقے میں صیہونی فوجیوں اور فلسطینیوں کے درمیان رات دیر گئے تک جھڑپیں جاری رہنے کی خبریں ملی تھیں۔

دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ صیہونی فوجیوں نے مقبوضہ بیت المقدس میں دو فلسطینی نوجوانوں کا تعاقب کیا اور ان میں سے ایک کو گرفتار کرلیا ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق صیہونی حکومت نے جولائی کے مہینے میں تین ہزار آٹھ سو چھیاسی بار فلسطینیوں کے حقوق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ان کے گھروں پر حملے کیے ہیں یا بے گناہوں کو تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔

صیہونی حکومت نے اس دوران چار سو چھے فلسطینی شہریوں کو اغوا کیا جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

ٹیگس