عراق، نامعلوم ڈرون کا حملہ، الحشد الشعبی کے کمانڈر سمیت دو شہید
Aug ۱۶, ۲۰۲۱ ۲۲:۲۳ Asia/Tehran
نامعلوم ڈرون کے حملے میں عراق کی عوامی رضاکار فورس کے ایک کمانڈر سمیت دو افراد شہید اور تین دیگر زخمی ہوگئے۔
عراقی ذرائع کا کہنا ہے کہ عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کی 80 ویں بریگیڈ کے کمانڈر سعید حسن سعید اور ان کے ایک ساتھی صوبہ نینوا کے علاقے سنجار میں نامعلوم ڈرون کے حملے میں شہید ہوگئے۔ اس حملے میں الحشد الشعبی کے تین دیگر جوان زخمی بھی ہوئے۔
الحشد الشعبی نے کہا کہ وہ حملے کی تحقیقات کر رہی ہے اور قوم کو جلد حقائق سے آگاہ کیا جائے گا۔ صابرین نیوز نے کہا ہے کہ سنجار کے علاقے میں کیا جانے والا یہ حملہ ترک فوج نے کیا ہے۔
واضح رہے کہ عراق کی عوامی رضاکار فورس نے دہشت گرد گروہ داعش کی نام نہاد خلافت کے خاتمے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے اور اب بھی ملک کے مختلف علاقوں میں داعش کی باقیات کے خلاف پرسر پیکار ہے۔