امریکی ہتھیار، فوجی گاڑیاں، ہیلی کاپٹر اور ڈرون طالبان کے قبضے میں آگئے
امریکی فوج کی سیکڑوں بکتر بند گاڑیاں، ہیلی کاپٹر اور جہاز طالبان کے قبضے میں آگئے۔
نیوز ایجنسی آوا پریس کے مطابق طالبان کے ہاتھ لگنے والے امریکی فوجی سازوسان میں دو ہزار سے زائد بکتر بند گاڑیاں اور چالیس کے قریب ہیلی کاپٹر اور ہوائی جہاز شامل ہیں۔
طالبان کے ہاتھ لگنے والے ہیلی کاپٹروں میں بلیک ہاک ہیلی کاپٹروں کے علاوہ متعدد اسکین ایگل ڈرون بھی شامل ہیں۔
ایک امریکی عہدیدار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر برطانوی خبررساں ایجنسی کو بتایا ہے کہ تباہ ہونے سے بچ جانے والا نیٹو کا تقریبا تمام اسلحہ طالبان کے ہاتھ لگ گيا ہے۔
مذکورہ امریکی عہدیدار نے کہا کہ طالبان کے پاس موجود ہتھیاروں کو تباہ کرنے کے لیے فضائی بمباری کا آپشن زیر غور ہے۔
امریکی ایوان نمائندگان کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے رکن مائيکل میک کیول نے افغانستان میں نیٹو کے ہتھیاروں اور فوجی سازوسامان تک طالبان کی رسائی کو امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے لئے خطرناک قرار دیا ہے۔