غزہ کی سرحدوں پرعوامی جد وجہد دوبارہ شروع کرنے کا اعلان
فلسطینی گروہوں نےغزہ کی سرحدوں پر عوامی جدو جہد ایک بار پھر شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
فلسطینی گروہوں نے اتوار کو ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا ہے کہ بلاشبہ ہم غزہ کی سرحدوں پرعوامی جدو جہد اور سرگرمیاں جاری رکھیں گے یہاں تک کہ غاصب صیہونی حکومت بیت المقدس اور ہماری قوم پر ظلم و ستم سے دست بردارہو جائے اور غزہ کا محاصرہ ختم کردے۔
فلسطینی گروہوں نے غزہ پٹی پر صیہونی حکومت کے حالیہ حملے کی مذمت کی اور کہا کہ تل ابیب انتظامیہ عام شہریوں کو نشانہ بنارہی ہے۔
درایں اثنا تحریک جہاد اسلامی فلسطین کے سیاسی شعبے کے رکن ولید القططی نے کہا ہے کہ فلسطینی استقامت نے صیہونی دشمن کو یہ پیغام دیا ہے کہ ملت فلسطین محاصرے کی قیمت تنہا نہیں چکائے گی۔ انھوں نے کہا کہ اس محاصرے کی قیمت ہے اور غاصب صیہونی حکومت کو اپنی سیکورٹی اور استحکام کے عوض یہ قیمت ادا کرنا پڑے گی۔
واضح رہے صیہونی حکومت نے سنیچر کو غزہ کے مشرقی علاقے الشجاعیہ میں فلسطینی مظاہرین پر حملہ کیا تھا ۔ صیہونیوں کی اس فائرنگ میں اکتالیس فلسطینی زخمی ہوگئے تھے جن میں بائیس بچے شامل تھے ۔