دس لاکھ افغان بچوںکی زندگی خطرے میں: یونیسیف
بچوں سے متعلق اقوام متحدہ کے ادارے یونیسف نے خبردار کیا ہے کہ ناقص غذا اور دوا کی قلت کے باعث قریب دس لاکھ افغان بچوں کی زندگی خطرے میں پڑ گئی ہے۔
آنادولی خبررساں ایجنسی کے مطابق یونیسف کی ایزیکیٹو ڈائریکٹر ہنریٹا فور نے اعلان کیا ہے کہ افغانستان کے قریب دس لاکھ بچوں کو موت کا خطرہ لاحق ہے اور انہیں زندہ رہنے کے لئے فوری طور پر انسان دوستانہ امداد کی ضرورت ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ آئندہ چند مہینوں کے دوران کورونا کے باعث پیدا ہونے والی اقتصادی مشکلات، قحط اور بہت سے دیگر سماجی مسائل اور ساتھ ہی موسم سرما کے پیش نظر افغانستان کی صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے اور اس پر انسان دوستانہ امداد کے مقصد سے مزید توجہ درکار ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق افغانستان کی تین کروڑ اسی لاکھ کی آبادی میں سے ایک تہائی آبادی کو اس وقت شدید یا سخت بھوک اور ناقص غذا کا سامنا ہے۔
خیال رہے کہ تقریبا پورے ملک پر طالبان کا قبضہ ہو جانے کے بعد سے افغانستان کے عوام، پڑوسی ممالک اور عالمی برادری میں افغانستان کے مستقبل کے حوالے سے خاصی تشویش پیدا ہو گئی ہے۔