Aug ۳۱, ۲۰۲۱ ۲۰:۲۸ Asia/Tehran
  • یمنی حملے کے بعد سعودی عرب کے ابہا ایئرپورٹ کی پروازیں منسوخ

جنوبی سعودی عرب کے ابہا ایئرپورٹ پر ایک بمبار ڈرون طیارے کے حملے کے بعد تمام پروازیں منسوخ ہوگئی ہیں۔

سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی واس کی رپورٹ کے مطابق منگل کی صبح ایک بمبار ڈرون طیارے نے جنوبی سعودی عرب کے ابہا ایئرپورٹ کو حملے کا نشانہ بنایا ہے۔

جارح سعودی اتحاد نے اپنے بیان میں دعوی کیا ہے کہ یہ ڈرون ایئرپورٹ پر حملے سے پہلے ہی مار گرایا گیا ہے۔ سعودی سرکاری نیوزایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ابہا ایئرپورٹ پر یہ حملہ دو بیلسٹک میزائلوں سے نجران و جازان کو نشانہ بنائے جانے اور خمیس مشیط میں ملک خالد ہوائی اڈے پر تین ڈرون طیاروں سے حملے کے بعد انجام پایا ہے۔

خمیس مشیط میں ملک خالد ایئربیس کے ساتھ ہی ابہا ایئرپورٹ ان ہوائی اڈوں میں شامل ہے جہاں سے یمن کے خلاف جارح سعودی اتحاد کے بیشترین حملے انجام پاتے ہیں۔

اُدھر یمنی فوج کی آپریشنل کمانڈ نے منگل کو اعلان کیا ہے کہ جارح سعودی اتحاد نے گذشتہ چوبیس گھنٹے میں دوسو بیاسی بار اس صوبے میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔

جارح سعودی اتحاد نے صوبہ الحدیدہ کے الجاح، الفازہ، الدریھمی، الجبلیہ، التحیتا اور حیس نامی علاقوں میں جنگ بندی معاہدے کی سب سے زیادہ خلاف ورزی کی ہے۔

سعودی عرب، امریکہ متحدہ عرب امارات اور چند دیگر ممالک کی مدد سے مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن کے خلاف جارحانہ حملوں کے ساتھ ہی اس ملک کا بری بحری اور فضائی محاصرہ بھی کئے ہوئے ہے اور اسکے براہ راست حملوں کا شکار ہو کر اب تک قریب بیس ہزار یمنی شہید، دسیوں ہزار زخمی اور لاکھوں بے گھر و دربدر ہوگئے ہیں۔

ٹیگس