عراق میں داعش کے دو خطرناک دہشت گرد گرفتار، نیٹ ورک تباہ
Sep ۰۸, ۲۰۲۱ ۱۹:۱۳ Asia/Tehran
عراق کی عوامی رضاکار فورس نے پولیس کے تعاون سے جاری آپریشن کے دوران، داعش کے دو خطرناک دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔
خبروں میں کہا گیا ہے کہ الحشد الشعبی کے جوانوں نے گہری انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر شمالی بغداد کے علاقے الصافی میں ایک مقام پر چھاپہ مار کر داعش کے ایک دہشت گرد کو گرفتار کرلیا۔ دہشت گرد کے خفیہ ٹھکانے سے بارودی مواد بھی برآمد ہوا ہے۔
داعش کا یہ دہشت گرد بم نصب کرنے کا ماہر بتایا جاتا ہے۔ اس سے پہلے عوامی رضاکار فورس نے ایک اور انٹیلی جنس آپریشن کے دوران داعش کے پیغام رساں کو گرفتار کیا تھا، اس کی گرفتاری عراقی پولیس کے تعاون سے عمل میں آئی۔
کہا جارہا ہے کہ عرا ق کے محکمہ انسداد دہشت گردی نے، صوبہ کرکوک میں داعش کے ایک نیٹ ورک کا پتہ لگانے کے بعد اسے تہس نہس کردیا ہے۔