Sep ۰۹, ۲۰۲۱ ۰۶:۴۲ Asia/Tehran
  •  فلسطینیوں اور صیہونیوں میں شدید جھڑپیں، 100 فلسطینی زخمی

مقبوضہ ویسٹ بینک کے کئی شہروں میں فلسطینیوں اور صیہونی پولیس اہلکاروں میں شدید جھڑپ میں، 100 فلسطینی زخمی ہوئے۔

’جلبوع‘ جیل سے 6 فلسطینیوں کے خود کو آزاد کرنے کی کامیاب کوشش کے بعد فلسطینی قیدیوں کے ساتھ صیہونی جیلروں کے بڑھتے تشدد آمیز رویے کے خلاف، فلسطینیوں نے مقبوضہ قدس اور ویسٹ بینک کے کئی علاقوں میں مظاہرے کئے۔ فلسطینیوں نے مختلف جیلوں میں قیدیوں پر صیہونی کارندوں کے حملوں کی مذمت کی۔

فلسطین کی ریڈ کریسنٹ کے مطابق، بدھ کی رات کو جنوبی نابلس میں صیہونی پلیس کے حملے میں کم سے کم 100 فلسطینی زخمی ہوئے۔

دوسری طرف عبری زبان کے چینل ’کان‘ نے دعوی کیا کہ شمالی رام اللہ کے بیت ایل قصبے میں فلسطین کے استقامتی محاذ کے مجاہدین نے غاصب صیہونی پولیس کے کارندوں پر فائرنگ کی۔  

اس درمیان صیہونی اخباری ذرا‏‏‏ئع کے مطابق،ان مظاہروں کے بعد قدس، الخلیل، نابلس، قلقیلیہ اور بیت لحم میں فلسطینیوں اور صیہونی پولیس اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔

بدھ کی شام کو الخلیل، رام اللہ، نابلس و قدس شہروں میں فلسطینیوں نے ان قیدیوں کی حمایت میں ریلی نکالی جو صیہونی جیل ’جلبوع‘ سے آزاد ہونے میں کامیاب ہوئے، لیکن صیہونی پولیس نے آنسو گیس کے حملے سے ان ریلیوں اور مظاہروں کو دبانے کی کوشش کی۔

اس سے پہلے فلسطین کی جہاد اسلامی تنظیم نے ایک بیان میں صیہونی جیلوں میں فلسطینی قیدیوں کے ساتھ برے رویے کے ممکنہ انجام سے صیہونی حکومت کو خبردار کیا۔۔ جہاد اسلامی نے فلسطینی شہریوں سے سڑکوں پر آکر مظاہرے تیز کرنے کی اپیل کی ہے۔

 

ٹیگس