اربعین حسینی میں شرکت کے لئے 80 ہزار غیر ملکی زائرین کے لئے ویزا جاری کرنے کا حکومت عراق کا فیصلہ
عراقی وزیراعظم نے اپنی کابینہ کے ہنگامی اجلاس میں کہا ہے کہ اربعین حسینی میں شرکت کے لئے اسّی ہزار غیر ملکیوں کو عراق کا ویزا جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
فرات نیوز کے مطابق عراق کے وزیراعظم مصطفی الکاظمی نے کہا کہ ویزے جاری کرنے کے فیصلے سے سفارت خانوں کو باخبر کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ لازمی اقدامات عمل میں لائے جا سکیں اور اربعین حسینی میں شرکت کرنے والے تمام زائرین کو کورونا پروٹوکول پر عمل کرنا ضروری ہو گا۔
انھوں نے انتخابات کے بارے میں بھی کہا کہ انتخابات یقینی طور پر انتیس روز کے بعد منعقد ہوں گے۔ عراقی وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے مسائل کا حل انتخابات کا انعقاد ہے اور اس کے لئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور یہ انتخابات عالمی نگرانی میں منعقد ہوں گے۔
انھوں نے کہا کہ انتخابات میں کسی بھی قسم کی کوئی دھاندلی نہیں کرنے دی جائے گی اور بین الاقوامی اداروں اور تنظیموں کی نگرانی کے لئے ضروری ہم آہنگی ہو چکی ہے۔
مصطفی الکاظمی نے انتخابات میں عراقی عوام کی بھرپور شرکت کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ عراقی عوام منجملہ بچوں کو بہتر زندگی بسر کرنے کا حق حاصل ہے اور وہ وقت آگیا ہے کہ عراق سے ظلم و بدعنوانی کا خاتمہ کیا جائے۔
واضح رہے کہ عراق میں آئںدہ دس اکتوبر کو پارلیمانی انتخابات ہوں گے۔