اسرائيل کو متنازع علاقے میں تیل کی تلاش سے روکا جائے ، اقوام متحدہ سے لبنان کا مطالبہ
اقوام متحدہ میں لبنان کی مندوب امل مدللی نے ہفتے کے روز اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کی سربراہ کے نام خط لکھ کر ، اسرائیل کی جانب سے امریکی کمپنی ہیلی برٹن کے ساتھ ایسے علاقے میں تیل و گیس کی تلاش کو روکنے کی اپیل کی ہے جو سمندر میں متنازع علاقے میں واقع ہے ۔
لبنان نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ تیل کی تلاش کا کام ، سمندر کے اس حصے میں نہیں کیا جائے گا جس پر اسرائیل اور لبنان کے درمیان تنازعہ ہے تاکہ لبنان کے حقوق اور ارضی سالمیت کی خلاف ورزی سے بچا جائے۔
لبنان نے اسی طرح یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ مستقبل میں بھی متنازعہ علاقے میں تیل کی تلاش کے کام پر پابندی عائد کی جائے تاکہ کسی بھی قسم کے تصادم سے بچا جا سکے ۔
اسرائيل کی جانب سے بحر اوسط میں تیل کے کنوؤں کی تلاش کے لئے اسرائيل اور امریکہ کی ہیلی برٹن کمپنی میں معاہدے کے بعد لبنان کے وزیر اعظم نجیب میقاتی نے لبنانی وزير خارجہ کو عالمی سطح پر اس سلسلے میں وضاحت پیش کرنے کا حکم دیا تھا ۔
میقاتی کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گيا ہے کہ اس بارے میں کوئي کوتاہی نہيں اور نہ ہی لبنان کے حقوق کے حصول سے پیچھے ہٹا جائے گا اور اقوام متحدہ کا یہ فرض ہے کہ وہ اسرائیل کو لبنان کے حقوق کی پامالی اور اس کے خلاف مسلسل جارحیت کو روکے ۔