سفر عشق، اربعین ملین مارچ عروج پر
عراق میں سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام اور آپ کے اصحاب و انصار کے چہلم کی مناسبت سے پیدل مارچ جاری ہے اور اس موقع پر حکومت عراق نے زائرین کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے خاص انتظامات کئے ہیں۔
عراقی میڈیا کے مطابق سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام کے چہلم کی مناسبت سے پیدل مارچ میں دسیوں لاکھ عراقیوں کے علاوہ عراق میں موجود ہزاروں غیر ملکی بھی اربعین مارچ میں شریک ہیں۔
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر اس سال اربعین کے موقع پر غیر ملکی زائرین کو محدود پیمانے پر عراق میں اربعین مرچ میں شرکت کی اجازت دی گئی ہے تاہم اس سال بھی عراقی عوام اور وہاں موجود غیر ملکی شہری برسہا برس کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اور کورونا وائرس کے پیش نظر طبی اصولوں کی پابندی کے ساتھ بصرہ، ناصریہ اور سماوہ سمیت مختلف علاقوں سے کربلا کی جانب پیدل مارچ میں مصروف ہیں۔
واضح رہے کہ کربلا میں اربعین حسینی کے مراسم عزاداری میں کروڑوں عاشقان امام حسین(ع) کی شرکت دنیائے اسلام کی دوستی، یکجہتی اور اتحاد کا مظہر ہے۔
20 صفر 1443 ہجری قمری مطابق 27 ستمبر 2021 بروز پیر حضرت امام حسین علیہ السلام اور آپ کے باوفا اصحاب و انصار کا چہلم ہے اور اس موقع پر ہر سال دسیوں لاکھ ملکی اورغیر ملکی زائرین کربلا پہنچتے ہیں۔