Oct ۰۱, ۲۰۲۱ ۰۹:۳۲ Asia/Tehran
  • مزید تین ممالک نے کابل کے لئے اپنی پروازیں بحال کیں

افغانستان میں طالبان کی عبوری حکومت نے کابل کے لئے تین ممالک ترکی، ہندوستان اور ازبکستان کی پروازوں کی تائید کی ہے۔

افغانستان کی شفقنا نیوز کے مطابق طالبان کے میڈیا سیل کے رکن احمد اللہ وثیق نے بتایا ہے کہ ڈیڑھ مہینے کے وقفے کے بعد ترکی، ہندوستان اور ازبکستان نے جمعرات کے روز سے کابل کے لئے اپنی پروازوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔

طالبان کے رکن کا کہنا تھا کہ کابل کے لئے تمام ممالک کی پروازوں کی بحالی کے مقصد سے کوششیں جاری ہیں۔ اس سے قبل ایران، قطر اور پاکستان کی پروازیں کابل ایئرپورٹ پر اتر چکی ہیں۔

اطلاعات ہیں کہ اس وقت ہزاروں افغان شہری کابل ایئرپورٹ پر بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کا انتظار کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ طالبان نے پندرہ اگست کو افغانستان کے اقتدار پر اپنا تسلط قائم کر لیا تھا جس کے بعد پیدا ہونے والی افراتفری اور امریکیوں کے ذریعے غیر ملکی شہریوں کے انخلا کے دوران کابل ایئر پورٹ کے بہت سے وسائل و آلات کو شدید نقصان پہچنا تھا جس کے باعث کابل ایئرپورٹ پر ملکی و غیر ملکی پروازوں کا سلسلہ بری طرح متاثر ہو گیا تھا۔

ٹیگس