Oct ۰۲, ۲۰۲۱ ۱۵:۴۷ Asia/Tehran
  • مسجدالاقصی پر صیہونی جارحیت کے بارے میں او آئی سی کا انتباہ

اسلامی تعاون تنظیم نے مسجد الاقصی پر غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت کی شدید مذمت کی ہے۔ یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب فلسطینی عوام تحریک انتفاضہ کی اکیسویں سالگرہ منا رہے ہیں.

اسلامی تعاون تنظیم  او آئی سی نے ہفتے کے روز ایک بیان میں مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی، صیہونی بستیوں کی غیر قانونی تعمیر، فلسطینیوں کے نسلی صفائی اور اس مقدس شہر کا جغرافیائی نقشہ تبدیل کرنے کی سازش کے بارے میں غاصب صیہونی حکومت کو سخت خبردار کیا۔

اسلامی تعاون تنظیم نے مسلمانوں کے قبلہ اول مسجد الاقصی پر غاصب صیہونی حکومت کا پرچم لہرائے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرے اور غاصب صیہونی حکومت کو اس مسجد کی ہتک حرمت کرنے سے روکے۔

مسلمانوں کے قبلہ اول اور اسلامی تشخص کے اہم ترین مظہر کی حیثیت سے مقبوضہ بیت المقدس میں اس مسجد کو غاصب صیہونی حکومت اور صیہونی انتہا پسندوں کی جانب سے مسلسل جارحیت کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

دوسری جانب فلسطینیوں نے انتفاضہ قدس کی اکیسویں سالگرہ کی مناسبت سے مظاہرے کر کے غاصب صیہونیوں کے جرائم کی شدید مذمت کی۔ فلسطینیوں نے صیہونی حکومت کے جرائم اور پالیسیوں کے خلاف مختلف علاقوں میں مظاہرے بھی کئے۔ اس دوران فلسطینیوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان جھڑپ میں درجنوں فلسطینی زخمی ہو گئے.

فلسطین کی انفارمیشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق صیہونی جارحیت کے خلاف فلسطین کے کئی علاقوں میں احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ جنوبی نابلس کے جبل صبیح نامی علاقے کے فلسطینیوں نے ہر جمعے کی طرح  گذشتہ روز بھی اس علاقے میں صیہونی کالونیوں کی تعمیر کے خلاف احتحاجی مظاہرے کئے۔ غاصب صیہونی حکومت نے صیہونی کالونیوں کی تعمیر کے خلاف مظاہرہ کرنے والے فلسطینیوں پر حملہ کیا جس کے نتیجے ساٹھ فلسطینی زخمی ہو گئے۔

صیہونی حکومت نے مظاہرین کو ڈرون طیارے سے گیس بم کا نشانہ بنایا۔ رپورٹ کے مطابق اس دوران مظاہرین پر فائرنگ کرنے والا ایک ڈرون طیارہ  مظاہرین کے حملے کے بعد تباہ ہوگیا جسے بعد مشتعل مظاہرین نے کچل کر تباہ کر دیا۔

غاصب صیہونی فوجیوں نے شہر الخلیل پر بھی حملہ کیا جس کے نتیجے میں فلسطینی نوجوانوں سے ان کی جھڑپ ہوئی جس کے دوران صیہونیوں نے ان پر صوتی بم پھینکے۔ صیہونی فوجیوں نے اس ہفتے غرب اردن ، مقبوضہ بیت المقدس اور غزہ پٹی میں آٹھ فلسطینیوں کو شہید کیا ہے۔

ادھر فلسطین کی اسلامی استقامتی  تحریک حماس نے غزہ میں  استقامتی تحریک کے مختلف گروہوں کے خلاف مغربی ملکوں اور ان کے اتحادیوں کے نئے منصوبے اور سازشوں کا پردہ فاش کیا ہے۔  حماس کے سیاسی دفتر کے نائب سربراہ موسی ابو مرزوق نے کہا ہے کہ مغربی ممالک علاقے میں بعض آلہ کار ملکوں کے تعاون سے غزہ کا محاصرہ مزید تنگ کر کے غاصب صیہونی حکومت کے مقابلے میں  استقامتی گروہوں کی دفاعی طاقت کو کمزور کرنے کی سازش رچ رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اس سازش کا مقصد سیف القدس جنگی کارروائیوں  کے ثمرات کو ختم کرنا ہے۔ حماس کے رہنما موسی ابو مرزوق نے کہا کہ اس قسم کی سازشوں کے مقابلے میں تحریک حماس خاموش نہیں رہے گی اور فلسطینیوں اور مزاحمتی گروہوں کے خلاف ہر قسم کی سازش کو ناکام بنانے کے لئے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔

ٹیگس