مقبوضہ جولان کو ہڑپنے کی صیہونی سازش کے خلاف مقامی لوگوں کا احتجاج
مقبوضہ جولان کے علاقے میں صیہونیوں کے اجلاس کی مقامی لوگوں نے مخالفت کرتے ہوئے ہڑتال کی اپیل کی ہے۔
شام کے مقبوضہ جولان علاقے میں صیہونی حکومت کے اجلاس کے انعقاد کے خلاف مقامی لوگ دھرنا دے رہے ہیں۔ صیہونی حکومت غیر قانونی کالونیوں کی تعمیر بڑھانے سے متعلق اجلاس کر رہی ہے۔
شامی اخبار الوطن کے مطابق، صیہونی حکومت ناجائز کالونیوں کی تعمیر بڑھانے کے مقصد سے پیر کے روز جولان میں اجلاس کر رہی ہے اور آج ہی علاقے کے لوگوں نے اس اجلاس کی مخالفت میں ہڑتال کی کال دی ہے۔
جولان کے باشندے صدقی المقت نے بتایا کہ عوام اس علاقے میں کالونیوں کی تعمیر کے منصوبے کے خلاف ہیں اور وہ جولان کو شام کا حصہ مانتے ہیں۔
جولان کے خسفین قصبے میں صیہونیوں کا اجلاس ہوگا جس پر اعتراض جتانے کے لئے جولان کے ملازمین اور کارکنوں نے مسعدہ گاؤں میں دھرنا دینے کی اپیل کی ہے۔
جولان کی ایک بزرگ شخصیت مرزوق شعلان نے نیوز ایجنسی سانا سے انٹرویو میں کہا کہ صیہونی حکومت جولان میں ناجائز کالونیوں کی تعمیر کو وسعت دے کر اصل مقامی باشندوں کو علاقہ چھوڑنے پر محبور کرنا چاہتی ہے لیکن جولان کے عوام اپنے آبائی وطن سے کہیں نہیں جائیں گے۔
گذشتہ جمعرات کو صیہونی اخبار اسرائیل ہیوم نے رپورٹ دی تھی کہ صیہونی وزیر داخلہ آیلت شاکد نے مقبوضہ فلسطین کے جنوبی علاقے نقب اور مقبوضہ جولان میں کئی کالونیوں کی تعمیر پر مبنی ایک منصوبہ بنانے کا حکم دیا ہے تاکہ اسے صیہونی کابینہ میں پیش کیا جا سکے۔