یمن: مآرب پر سعودی اتحاد کی جارحیت بدستور جاری
یمنی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے یمن کے صوبے مآرب پر چوبیس بار بمباری کی۔
المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے یمن کے مختلف علاقوں پر جارحیت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مآرب میں العبدیہ پر اکیس بار، جوبہ پر دو بار اور قانیہ پر ایک بار بمباری کی۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ سعودی اتحاد نے اتوار کی رات اعتراف کیا تھا کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی پیش قدمی روکنے کے لئے گزشتہ چار روز کے دوران صوبے مآرب میں العبدیہ پر ایک سو اٹھارہ بار بمباری کی گئی۔
جبکہ سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے بیضا اور صعدہ صوبوں کو کئی بار اپنی جارحیت کا نشانہ بنایا۔ جارح سعودی اتحاد کی طرف سے مغربی یمن کے صوبے حدیدہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزی بھی جاری ہے۔
یمنی فورسز کی آپریشنل کمان نے بتایا کہ جارح سعودی اتحاد اور اسکے کرایے کے فوجیوں نے صوبے حدیدہ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران دو سو چالیس بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔