Oct ۱۹, ۲۰۲۱ ۰۷:۵۱ Asia/Tehran
  •  ہفتۂ وحدت کا آغاز، امام خمینی (رہ) کی دنیائے اسلام میں اتحاد کی کوششوں کا مظہر

اسلامی جمہوریہ ایران سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں آج سے ہفتے وحدت کا آغاز ہو گیا ہے۔

اہل سنت والجماعت 12 ربیع الاول کو جبکہ شیعہ حضرات 17 ربیع الاول کو پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے یوم ولادت کے طور پر مناتے ہیں جسے ایران اور بہت سے اسلامی و غیر اسلامی ممالک میں ہفتۂ وحدت کے طور پر منایا جاتا ہے۔

اسلامی انقلاب کے بانی امام خمینی رحمت اللہ علیہ نے مسلمانوں کے درمیان اتحاد پیدا کرنے کے مقصد سے اس مناسبت کو اتحاد کے مظہر کے طور پر استعمال کیا اور 12-17 ربیع الاول کے دورانیے کو ہفتۂ وحدت کا نام دے دیا گیا۔

یہ ہفتہ، اسلامی دنیا میں اتحاد و اتفاق کی ضرورت پر پہلے سے زیادہ توجہ دینے  کے لئے مناسب موقع ہے۔ ایسے حالات میں جب امت اسلامیہ پر چاروں طرف سے اور مختلف شکلوں میں اسلام دشمن طاقتوں کی جانب سے یلغار ہو رہی ہو، نبی رحمت (ص) سے منسوب ان ایام کی افادیت، اہمیت اور برکت پہلے سے زیادہ نمایاں ہوتی دکھاتی دیتی ہے۔

گزشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی ہفتہ وحدت اور ایک ہفتے تک جاری رہنے والی جشن میلادالنبی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے۔

پاکستان کے بہت سے شہروں میں منگل کو عید میلادالنبی کے جلوس برآمد ہوئے۔کورونا کی وجہ سے ہندوستان کے دارالحکومت دہلی اور بعض دیگر شہروں میں جلوس میلادالنبی نہیں نکل سکا اور بعض شہروں میں کورونا پروٹوکول کی پابندی کے ساتھ جلوس نکالے گئے.اُدھر پورے ہندوستان میں جشن کا سماں ہے اور فرزندان اسلام مختلف شکلوں میں پوری عقیدت و احترام کے ساتھ جشن و میلاد منانے میں مصروف ہیں۔

ایران میں بھی ایک ہفتے تک جاری رہنے والے جشن میلادالنبی اور ہفتہ وحدت کی تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے۔

مسلمان فرقوں کے مابین نظریاتی طور پر بعض جزوی مسائل میں اختلاف ضرور ہے تاہم  اللہ کی وحدانیت، آسمانی کتاب، پیغمبر اور قبلہ جیسے بنیادی مسائل میں وہ اشتراک نظر رکھتے ہیں۔ اسی طرح اہم عبادتوں جیسے نماز، روزہ، حج و زکات میں بھی سبھی فرزندان اسلام متفق ہیں اور انہیں بنیادی مسائل و مناسک کی بنیاد پر نبی رحمت کے نام مبارک کے سائے میں امت اسلامیہ متفق ہو کر ایک پلیٹ فارم پر با آسانی اکٹھا ہو سکتی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی ریڈیو و ٹی وی نشریات کا ادارہ ہفتۂ وحدت کے آغاز پر سبھی فرزندان اسلام کو پیغمبر اسلام، رحمت مجسم حضرت رسالتمآب صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے یوم ولادت با سعادت کی مبارکباد پیش کرتا ہے۔

ٹیگس