قبلۂ اول سے آل خلیفہ کی غداری کے خلاف بحرینی عوام کے مظاہرے جاری
قبلہ اول پر قابض صیہونی حکومت سے آل خلیفہ حکومت کے دوستانہ تعلقات کے خلاف بحرینی عوام کے مظاہروں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
ارنا نیوز کے مطابق بحرین کی سب سے بڑی سیاسی پارٹی جمعیت الوفاق نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر لکھا ہے کہ السنابس علاقے کے باشندوں نے منگل کے روز سڑکوں پر نکل کر ملک میں صیہونی سفارتخانے کے افتتاح کے خلاف مظاہرہ کیا۔
رپورٹ کے مطابق مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں ایسے پلے کارڈ اور بینر اٹھا رکھے تھے جس پر لکھا ہوا تھا غاصب صیہونی حکومت سے تعلقات غداری ہے اور سیاسی قیدیوں کو فورا آزاد کیا جائے۔ رپورٹ کے مطابق آل خلیفہ کے کارندوں نے اپنی جارحانہ انتہا پسندانہ پالیسیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے طاقت کے پل پر مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی اور ساتھ ہی ایک اور نوجوان عباس عون کو اٹھا لے گئے۔
یاد رہے کہ حال ہی میں خود ساختہ صیہونی حکومت کے وزیر خارجہ یائیر لاپید نے اپنے نام نہاد سفارتخانے کا افتتاح کرنے کے مقصد سے بحرین کے دارالحکومت منامہ کا دورہ کیا تھا اور بحرینی تاناشاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ سے ملاقات بھی کی تھی۔ صیہونی وزیر کے اس سفر کے بعد سے قبلۂ اول کے غاصبوں کے ساتھ آل خلیفہ حکومت کے تعلقات کے خلاف بحرینی عوام کے جاری اعتراضات اور مظاہروں میں شدت آ گئی ہے۔