حماس رہنما اور ملائشیا کے وزیر خارجہ کی گفتگو
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے غزہ کا محاصرہ فوری طور پر ختم کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے ملائیشیا کے وزیر خارجہ سیف الدین عبداللہ سے ٹیلیفون پر گفتکو میں مسئلہ فلسطین کی حمایت اور غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کی برقراری کی مخالفت پر مبنی ان کے ملک کے موقف کی قدردانی کی۔
اسماعیل ہنیہ نے اس گفتگو میں فلسطین اور خاص طور سے بیت المقدس کے حالات، فلسطینیوں کے مقدس مقامات منجملہ مسجد الاقصی پر غاصب صیہنی حکومت کی جارحیت اور زمان و مکان کے لحاظ سے اس مسجد کی تقسیم اور اسی طرح مسجد الاقصی میں فلسطینی نمازیوں کو داخل ہونے سے روکے جانے کے بارے میں بھی گفتگو کی۔
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سربراہ نے اسی طرح فلسطینیوں کی اراضی پر غاصبانہ قبضہ کئے جانے اور صیہونی علاقوں کی توسیع نیز غرب اردن کے مختلف علاقوں کے فلسطینیوں کو جارحیت کا نشانہ بنائے جانے اور اسی طرح صیہونی حکومت کی جیلوں میں بند فلسطینیوں پر ظلم وستم روا رکھے جانے کے بارے میں بھی تبادلہ خیال اور فلسطینی قیدیوں کو رہا کرانے کی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔
واضح رہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے سن دو ہزار چھے سے غزہ کا ہر طرف سے محاصرہ کر رکھا ہےاور اس علاقے کے عوام کو بہت سے ناگفتہ بہ مسائل و مشکلات کا سامنا ہے۔