Oct ۲۷, ۲۰۲۱ ۱۹:۱۷ Asia/Tehran
  • داعش کے خطرے کو معمولی نہ سمجھا جائے: عراقی صدر

عراق کے صدر نے صوبہ دیالہ کے المقدادیہ علاقے پر ہوئے دہشتگردانہ حملے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس حملے سے یہ ثابت ہو گیا ہے کہ عوام کے باہمی اتحاد، انکی جانب سے سیکورٹی اداروں کی حمایت اور سیکورٹی خلاء کو پر کرنے کی ضرورت ہے اور ساتھ ہی یہ کہ داعش کے خطرے کو معمولی نہ سمجھا جائے۔

رپورٹ کے مطابق عراق کے صدر برہم صالح نے کہا ہے کہ دیالہ کے عوام پر دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ عوام کے درمیان اتحاد، سیکورٹی اداروں کی حمایت اور داعش کے خطرے کا مقابلہ کرنے کے لئے مستقل آمادگی، ملک کے تمام علاقوں سے دہشتگردوں کے باقیات کی بیخ کنی کے اہم ترین عوامل ہیں۔

عراق کے وزیر اعظم مصطفی الکاظمی نے بھی ایک بیان جاری کر کے دیالہ پر داعش دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کی اور اس کا جواب دیئے جانے پر زور دیا۔

دوسری جانب عراقی ذرائع نے خبر دی ہے کہ الحشد الشعبی نے کرکوک میں داعش دہشتگردوں کے خودکش حملے کو ناکام بنا دیا۔ ارنا کی رپورٹ کے مطابق عراقی ذرائع نے بدھ کو اعلان کیا ہے کہ الحشد الشعبی کی سولہویں بٹالین نے داعش کے دو دہشتگردوں کا پیچھا کیا اور انھیں شہر کرکوک کے جنوب میں گرفتار کر لیا۔ ذرائع کے مطابق یہ دونوں دہشتگرد، جنوبی کرکوک میں دہشتگردانہ کارروائی کرنا چاہتے تھے۔

ٹیگس