Oct ۲۸, ۲۰۲۱ ۰۹:۰۲ Asia/Tehran
  • داعش کا عراق کے فوجی مرکز پر حملہ

عراقی ذرائع ابلاغ نے کہا ہے کہ شمالی بغداد میں داعش دہشت گردوں نے عراقی فوج پر حملہ کیا ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق داعش دہشت گردوں نے شمالی بغداد کے علاقوں «درع الفیاض» اور «عبدالله الفیاض» میں عراق کی 11 بریگیڈ پر حملہ کیا۔ اس حملے کے بعد عراق کی فوج کے ہیلی کاپٹروں نے داعش کے خلاف کارروائی کی ہے جو تا حال جاری ہے۔ ابھی تک ہونے والی کارروائی اور داعش کے حملے کی مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی۔ عراق کی فوجی چھاونی پر داعش کا حملہ ایسے میں ہوا ہے کہ جب منگل کے روز صوبے دیالی کے الرشاد، کلیوات اور الهواشه میں داعش کے دہشت گردانہ حملوں میں 15 عراقی شہری جاں بحق اور 18 زخمی ہوئے تھے ۔

عراق میں داعش دہشت گردوں نے ایک بار پھر سر اٹھانے کی کوشش کی ہے اور وہ منظم ہونے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ ان دہشت گرد عناصر کے خلاف عراق کی سکیورٹی فورسز بھی مختلف علاقوں میں کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ عراق میں دو ہزار سترہ میں داعش دہشت گرد گروہ کی شکست کا اعلان کیا گیا تھا تاہم اس ملک کے بعض علاقوں میں داعش سے وابستہ کچھ دہشت گرد عناصر روپوش ہیں جو موقع ملنے پر دہشت گردانہ حملے کر کے عراقی عوام میں خوف و ہراس پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس  حشد الشعبی داعش دہشت گرد گروہ کے ان باقی بچے عناصر کا صفایا کرنے کے لئے مسلسل مصروف عمل ہیں۔

ٹیگس