افغانستان کو نئی مشکل کا سامنا، خود طالبان عناصر ہی آپس میں لڑنے لگے
Nov ۰۵, ۲۰۲۱ ۱۹:۲۴ Asia/Tehran
افغانستان کے شہر بامیان میں طالبان کے ادارۂ انٹیلجنس کے سربراہ مولوی مہدی اور ایک دیگر سینئر کمانڈر مولوی مقبول کے حامیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں۔
افغان نیوز ایجنسی آوا کی رپورٹ کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ بازار بامیان کے پامیر سرائے علاقے میں طالبان جنگجؤوں کے درمیان جھڑپ میں کئی افراد زخمی ہو گئے۔
اس سے قبل بھی افغانستان کے مختلف علاقوں میں طالبان جنگجؤوں کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات مل چکی ہیں۔
درایں اثنا طالبان رہنما نے اس گروہ کے کمانڈروں سے مطالبہ کیا ہے کہ اپنی صفوں سے ناپسندیدہ افراد کو باہر نکال دیں۔ رپورٹ کے مطابق طالبان رہنما ملا ہیبت اللہ نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ہر کمانڈر کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسے ناپسندیدہ عناصر کو اپنی صفوں سے باہر نکال دے جن کی اصلاح کی امید نہیں ہے۔