افغانستان، ننگرہار میں 2 دہشت گردانہ بم دھماکے
افغانستان کے صوبے ننگرہار میں ہونے والے دو دہشت گردانہ بم دھماکوں میں تین عام شہری مارے گئے ہیں۔
افغانستان کی آوا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یہ بم دھماکے اتوار کو مشرقی افغانستان کے صوبے ننگرہار کے صدر مقام جلال آباد کے دوسرے سیکورٹی زون میں ہوئے۔
سڑک کنارے نصب بموں کے نتیجے میں یہ دھماکے اس وقت ہوئے جب وہاں سے تین عام شہری گذر رہے تھے جو ان دھماکوں کی زد میں آکر جاں بحق ہو گئے۔ ابھی تک کسی نے ان دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
افغانستان میں طالبان کے برسر اقتدار آنے کے بعد اس ملک کے مختلف صوبوں منجملہ ننگرہار، کنڑ، خوست، کابل، قندھار اور قندوز میں متعدد حملے اور دہشت گردانہ بم دھماکے ہوئے ہیں جن میں سیکڑوں کی تعداد میں بے گناہ عام شہری مارے جا چکے ہیں جبکہ ان میں بیشتر حملوں اور دھماکوں کی ذمہ داری، دہشت گرد گروہ داعش نے قبول کی ہے، حالانکہ افغانستان میں طالبان کی عبوری حکومت نے ملک میں داعش دہشت گرد گروہ کا قلع قمع کرنے کا وعدہ کیا تھا۔