عراقی وزیر اعظم کے گھر پر حملے کی سازش کو بے نقاب کیا جائے: ہادی العامری
عراق کے الفتح سیاسی الائنس کے سربراہ نے عراقی وزیر اعظم مصطفیٰ الکاظمی کے گھر پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے حملہ کرنے والوں کو اس ملک میں فتنہ و فساد برپا کرنے سے متعلق متنبہ کیا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق عراق کے الفتح سیاسی الائنس کے سربراہ ہادی العامری نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے ماہرین سے کہا ہے کہ وہ اس بارے میں تحقیق کریں کہ اس حملے کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو کوئی بھی اس حملے میں ملوث ہو اسے اس کے کئے کی سزا ملنی چاہئیے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے عراقی وزیر اعظم پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے، عراق میں امن و استحکام کی حمایت جاری رکھنے کے تہران کے دیرینہ اور اصولی موقف کا اعادہ کیا ۔
ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے بھی عراقی وزیر خارجہ فواد حسین کو ٹیلی فون کر کے وزیر اعظم مصطفیٰ الکاظمی کو ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی کا سلام پہنچایا اور ان کے بخیر و عافیت ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ اس طرح کے واقعات دوست و برادر ملک عراق کی سلامتی کو نقصان پہنچائیں گے اور عراقی عوام کے دشمن عراق میں امن و امان خراب کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں-
عراقی ذرائع ابلاغ کے سکیورٹی ذرائع نے کل صبح ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ عراق کے وزیراعظم مصطفی الکاظمی کے گھر پر بمبار ڈرون سے حملہ ہوا تاہم وہ اس حملے میں بال بال بچ گئے۔
اس ڈرون حملے کے بعد عراق کے وزیر اعظم مصطفی الکاظمی نے ایک ٹوئیٹ میں عوام سے پر امن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے لکھا کہ ان کی حالت ٹھیک ہے اور وہ بدستور عوام کے درمیان موجود ہیں۔