Nov ۱۲, ۲۰۲۱ ۲۱:۲۳ Asia/Tehran
  • سوڈان میں نئی حکومتی کونسل کی تشکیل

سوڈان کی فوج کے کمانڈر نے ملک میں ایک نئی حکومتی کونسل تشکیل دینے کا حکم جاری کردیا ہے۔

سوڈان کے سرکاری ٹی وی نے اعلان کیا ہے کہ سوڈان کی نئی حکومتی کونسل اس ملک کی فوج کے کمانڈر عبدالفتاح البرہان کے حکم سے تشکیل دی گئی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق سوڈانی فوج کے سربراہ جنرل عبدالفتاح البرہان نئی حکومتی کونسل کے سربراہ ہیں۔

سوڈان میں نئی حکومتی کونسل ایسی حالت میں تشکیل پائی ہے کہ اس ملک میں بغاوت کے مخالفین نے اقتدار پر فوج کے کنٹرول کے خلاف مسلسل مظاہرے کئے ہیں۔ فوجی بغاوت کے مخالفین نے اپنے مظاہروں میں ہنگامی حالت کی منسوخی اور وزیراعظم عبداللہ حمدوک سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

یاد رہے کہ سوڈانی فوج کے سربراہ جنرل عبدالفتاح البرہان نے پچیس اکتوبر کو وزیر اعظم عبداللہ حمدوک کو گرفتار اور حکومتی کونسل تحلیل کرکے ملک کا اقتدار براہ راست اپنے ہاتھ میں لے لیا تھا۔ سوڈان میں نئی فوجی بغاوت ملک کے امور پوری طرح سول حکومت کے سپرد کرنے کے لئے معینہ مہلت سے ٹھیک ایک مہینے پہلے کی گئی ہے۔ سوڈانی عوام نے تسلسل کے ساتھ مظاہرے کرکے فوج کے اس اقدام کی مخالفت کا اعلان کیا۔ انھوں نے گزشتہ بدھ سے سول نافرمانی کی تحریک شروع کی جس کا خاطر خواہ اثر دیکھا گیا۔سوڈان ایسی حالت میں بحران اور بدامنی کا شکار ہوا ہے کہ اس ملک میں بیرونی مداخلت کافی بڑھ گئی ہے۔ سوڈان میں گزشتہ چند برسوں میں سیاسی انتشار بڑھنے کے بعد سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات ، امریکہ اور صیہونی حکومت جیسے بہت سے بیرونی بازیگروں نے اپنی خفیہ اور آشکارا سرگرمیاں بڑھا دی ہیں یہاں تک کہ منظرعام پرآنے والے ثبوت و شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ امریکہ خرطوم میں تازہ فوجی بغاوت سے پہلے ہی اس سے باخبر تھا اور اس فوجی اقدام میں صیہونی حکومت بھی دخیل بتائی جاتی ہے۔

ٹیگس