طالبان اپنی تصویر سنوارنے کے لئے کوشاں، جرائم پیشہ افراد کو خبردار کیا
طالبان نے افغانستان میں سرگرم جرائم پیشہ افراد اور مجرموں کو سخت خبردار کیا ہے۔
افغانستان کی طلوع نیوز کے مطابق طالبان کی عبوری حکومت کے نگراں کمیشن کی جمعے کے روز کابل میں ایک نشست ہوئی جس میں شہریوں کو پریشان کرنے، تکلیف دینے اور انکے لئے مشکلات کھڑی کرنے کو جرم قرار دیتے ہوئے خبردار کیا گیا کہ مجرموں کے ساتھ سختی سے پیش آیا جائے گا۔
مذکورہ کمیشن کے اراکین نے اس نشست میں یہ واضح کیا کہ میدانی عدالت سجانے جیسے ہر قسم کے خودسرانہ اقدامات خلاف قانون ہیں اور ایسا کرنے والوں سے سختی سے نپٹا جائے گا۔
اس سے قبل طالبان کے نگراں کمیشن نے یہ اعلان کیا تھا کہ اس تنظیم کے دوسو ارکان کو اپنے منصب یا عہدے سے ناجائز فائدہ اٹھانے اور طاقت کا غلط استعمال کرنے کے باعث برطرف کر دیا گیا ہے۔
طالبان کے مذکورہ کمیشن کے سربراہ لطیف اللہ حکیمی نے نشست کے دوران بتایا کہ کمیشن کی تشکیل سے اب تک دسیوں افراد کو طالبان نام سے غلط فائدہ اٹھانے کے جرم میں گرفتار کیا جا چکا ہے۔
طالبان حکومت کی وزرا کونسل بھی ایک بیان جاری کر کے یہ اعلان کر چکی ہے کہ طالبان کی صفوں سے ناپسندیدہ عناصر کو نکال باہر کیا جائے گا اور ایسے افراد کو ادارات یا سرکاری مراکز میں کسی قسم کی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جائے گی۔