Nov ۱۷, ۲۰۲۱ ۱۹:۳۷ Asia/Tehran
  • افغان صدر کا غیر ذمہ دارانہ فرار کابل میں طالبان کے پہنچنے کا باعث بنا، طالبان گروہ کا دعوی

افغانستان کے نگراں وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ افغانستان کے سابق صدر کا غیر ذمہ دارانہ فرار طالبان گروہ کے کابل میں داخل ہونے کا باعث بنا ہے۔

آوا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق افغانستان میں طالبان کے نگراں وزیر خارجہ نے امریکی کانگریس کے نام اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ افغانستان سے سابق صدر اشرف غنی کے غیر ذمہ دارانہ فرار کے بعد طالبان، افغان عوام خاص طور سے کابل کے شہریوں کی خواہش پر اس شہر کی صورتحال پر قابو پانے اور کابل میں اقتدار کے پیدا ہونے والے خلا کو پر کرنے کی غرض سے اس شہر میں داخل ہوئے جس کے بعد انھوں نے عوامی فلاح و بہبود کے لئے اپنی سرگرمیاں شروع کر دیں۔

امریکی کانگریس کے نام امیر خان متقی کے پیغام کے ایک اور حصے میں آیا ہے کہ باعث تعجب بات یہ ہے کہ افغانستان میں نئی حکومت کے برسر اقتدار آنے کے بعد، حکومت امریکہ نے افغانستان کے قومی اثاثوں پر بندشیں لگادیں جبکہ اس کا یہ اقدام توقع اور دوحہ سمجھوتے کے خلاف رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ افغانستان میں کئی عشروں کی خونریزی کے بعد افغان عوام اب امن و سکون محسوس کر رہے ہیں اور افغان عوام کی اصل مشکل معیشت ہے جس کی وجہ، امریکہ کی جانب سے افغانستان کے قومی سرمائے کو مسدود کیا جانا ہے۔

افغانستان میں طالبان کے نگراں وزیر خارجہ امیر خان متقی نے کہا کہ افغانستان کے اثاثے مسدود کئے جانے سے اس ملک کے عوام کی مشکلات حل نہیں ہوں گی بلکہ ان مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا۔ انھوں نے افغانستان کے اثاثے آزاد کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ امریکہ نے اگر افغانستان کے اثاثے آزاد نہیں کئے تو نہ صرف افغان حکومت بلکہ خاص طور سے افغان عوام کی اقتصادی مشکلات میں اضافہ ہوتا رہے گا جس کی بنا پر افغان عوام علاقائی و عالمی سطح پر بیرون ملک منتقل ہونے پر مجبور ہو جائیں گے۔

ٹیگس