الحدیدہ پر مکمل کنٹرول کے لئے سعودی کوششیں جاری، ایک دن میں ۳۹۹ حملے کئے
جارح سعودی اتحاد نے یمن کے صوبے الحدیدہ میں اپنی پوزیشن کو مضبوط بنانے کے خیال سے ایک بار پھر ۳۹۹ حملے کر اسٹاکہوم جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔
یمن میں مصروف جنگ جارح سعودی اتحاد نے صوبے الحدیدہ میں اپنی کھوئی ہوئی پوزیشن کو دوبارہ بحال کرنے کے خیال سے ایک بار پھر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ۳۹۹ مرتبہ صوبے کے مختلف علاقوں کو اپنے اندھے حملوں کا نشانہ بنایا۔
یمنی کمانڈروں کی آپریشنل کمان کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق سعودی اتحاد نے الحدیدہ کے مختلف رہائشی و غیر رہائشی علاقوں پر تابڑ توڑ حملے کئے۔ صوبے صعدہ کے منبہ نامی علاقے پر سعودی ایجنٹوں نے حملہ کر کے ایک عام شہری کو شہید اور چار کو زخمی کر دیا۔
الحدیدہ صوبے بالخصوص شہر اور اسکی بندرگاہ کو اقتصادی نقطہ نظر سے خاص اسٹریٹیجک اہمیت حاصل ہے اور وہاں پر جنگ بندی کے قیام کے لئے اب تک بین الاقوامی سطح پر بارہا کوشش کی جا چکی ہے تاہم سعودی عرب نے ان کوششوں کا پاس و لحاظ رکھے بغیر روزانہ کی بنیادوں پر دسمبر ۲۰۱۸ میں سویڈن کے اسٹاکہوم شہر میں طے پانے والے جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔ یہ معاہدہ جارح سعودی اتحاد اور یمنی فریق کے مابین اقوام متحدہ کی نگرانی میں طے پایا تھا۔
سعودی اتحاد اپنی گزشتہ تقریباً سات سالہ جارحیت کے دوران لاکھوں یمنی عوام کو خاک و خون میں غلطاں کرنے کے ساتھ ساتھ اس ملک کی ۸۵ فیصد سے زائد بنیادی تنصیبات کو مکمل طور پر تباہ کر چکا ہے۔