آئی اے ای اے کے ساتھ معاہدہ ممکن ہے: وزیر خارجہ
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ آئی اے ای اے کے ساتھ معاہدہ ممکن ہے اور جلد ہی اجلاس منعقد ہوگا اور حتمی مسودہ تیار ہوگا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی آئی اے ای اے کے سکریٹری جنرل رافائل گروسی سے گزشتہ روز کی ملاقات کو واضح اور نتیجہ خیز قرار دیا اور کہا کہ تعاون جاری رکھنے کے بارے میں بہترین معاہدہ ہوا لیکن حتمی مسودے کی تیاری کے لئے زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے اور دونوں فریق کے درمیان سمجھوتہ ہونا ممکن ہے۔
انہوں نے بدھ کی رات ٹوئٹ کرکے آئی اے ای اے کے سکریٹری جنرل رافائل گروسی سے گزشتہ ملاقات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ تہران میں رافائل گروسی سے واضح، مثبت اور نتیجہ خیز ملاقات ہوئی۔
واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ نے ایٹمی انرجی کی عالمی ایجنسی کے سربراہ سے ملاقات میں زور دے کر کہا تھا کہ ایران ایٹمی انرجی کی عالمی ایجنسی کے ساتھ تعاون کے سلسلے میں پرعزم ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ حسین امیر عبدالہیان نے تہران میں ایٹمی انرجی کی عالمی ایجنسی کے سربراہ رافائل گروسی سے ملاقات میں دفاعی سمجھوتوں کے تناظر میں آئی اے ای اے کے ساتھ تعمیری اشتراک عمل کے لئے ایران کے سنجیدہ عزم پر زور دیا اور امید ظاہر کی کہ ایٹمی انرجی کی عالمی ایجنسی کے سربراہ کے دورے سے فریقین کے درمیان تعاون مضبوط ہوگا۔
ایران کے وزیر خارجہ نے اسی طرح ایٹمی انرجی کی عالمی ایجنسی کے تکنیکی اور غیرجانبدار کردار پر زور دیتے ہوئے اسے ہر طرح کے بیرونی سیاسی دباؤ کی کوئی پرواہ نہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔
ایٹمی انرجی کی عالمی ایجنسی کے سربراہ نے بھی اس ملاقات میں آئی اے ای اے کے تکنیکی امور اور اس کی غیرجانبداری کا دعوا کرتے ہوئے اپنے دورے کو اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے، مسائل کے حل، ایک دوسرے کو سمجھنے اور مذاکرات کے عزم کا ثبوت قرار دیا اور اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ قریبی تعاون میں آئندہ مہنیوں میں باقیماندہ موضوعات کے لئے آئی اے ای اے کی آمادگی کا اعلان کیا۔