عراقی وزیر اعظم پر قاتلانہ حملہ، جلد ہی اہم باتیں منظر عام پر آئیں گی
عراقی وزیر اعظم کے سیاسی مشیر کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم مصطفی الکاظمی پر قاتلانہ حملے کے بارے میں کچھ اہم باتیں بہت جلد ہی منظر عام پر لائی جائیں گی۔
الفرات نیوز کے مطابق عراقی وزیر اعظم کے سیاسی مشیر مشرف عباس نے بتایا کہ وزیر اعظم مصطفی الکاظمی کے گھر پر ڈرون سے کئے گئے حملے کی کچھ تصاویر اور ویڈیوز، جلد ہی منظر عام پر لائی جائیں گی۔
مشرف عباس کا کہنا تھا کہ اگلے کچھ دنوں میں وزیر اعظم پر ناکام قاتلانہ حملے کی کوشش کی پوری تصویر سب کے سامنے آ جائے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل جمعے کو عراق میں صدر دھڑے کے لیڈر مقتدی الصدر نے ملک کے وزیر اعظم مصطفی الکاظمی پر قاتلانہ حملے کے بارے میں تحقیقات کو برملا کرنے کا مطالبہ کیا تھا ۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے مطالبے پر عمل نہيں کیا گیا تو وہ تحقیقات کو فاش کر دیں گے۔
یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل عراقی وزیراعظم کی رہائش گاہ پر ڈرون حملہ کیا گیا تھا۔ عراقی وزیر اعظم مصطفیٰ الکاظمی اس حملے میں بال بال بچ گئے، لیکن اس حملے میں جائے وقوعہ کو تھوڑا نقصان پہنچا۔
سکیورٹی فورسز نے ڈرون کو تباہ کر دیا جس میں دھماکہ خیز مواد رکھا گیا تھا۔ عراقی وزیر اعظم مصطفی الکاظمی نے بعد میں ٹویٹ کیا کہ میں ٹھیک ہوں اور عوام کے درمیان ہوں، آپ لوگ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں۔