Dec ۰۱, ۲۰۲۱ ۱۶:۲۶ Asia/Tehran
  • مالی و انسانی حقوق کے مسائل پر طالبان اور امریکہ کی گفتگو

افغانستان کی طالبان حکومت کے نگران وزیر خارجہ نے قطر میں افغانستان کے امور میں امریکی نمائندے سے مالی سرمایوں کی آزادی اور انسانی حقوق کے مسائل پر گفتگو کی۔

آوا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق افغانستان پر طالبان کے تسلط کے بعد طالبان کے وزیر خارجہ اور امریکی نمائندے کے درمیان دوحہ میں یہ دوسری بار مذاکرات ہوئے ہیں۔

امیر خان متقی اور تھامس ویسٹ کے درمیان دو روزہ مذاکرات میں افغانستان کے مالی اثاثوں کی آزادی، سیاسی و انسانی حقوق کے مسائل پر تبادلہ خیال ہوا۔ طالبان کے وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ افغانستان کے مالی اثاثوں کو آزاد کیا جائے اور سیاسی و انسانی حقوق کے مسائل کو ایک دوسرے سے جدا رکھا جائے۔

دوسری جانب عبدالقہار بلخی نے ایک ٹوئٹ کر کے بتایا ہے کہ فریقین کے درمیان تعلیم اور سیکورٹی کے مسائل نیز بینکنگ اور نقد رقم سے متعلق سہولیات پر بھی گفتگو ہوئی ہے اور مذاکرات کا نتیجہ کسی حد تک مثبت رہا ہے اور دونوں ہی فریقوں نے مذاکرات کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھنے سے اتفاق کیا ہے۔

ٹیگس