عراق میں امریکی فوجی مشن کے خاتمے کا باضابطہ اعلان
حکومت عراق نے اپنے ملک میں امریکہ کی سرکردگی میں قائم عالمی فوجی مشن کے خاتمے کا باضابطہ طور پر اعلان کر دیا۔
عالمی فوجی مشن کے خاتمے کا باضابطہ اعلان جمعرات کو بغداد میں عراق کی قومی سلامتی کے مشیر قاسم الاعرجی نے کیا۔ انہوں نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں لکھا ہے کہ ہم نے عالمی فوجی مشن کے عہدیداروں کے ساتھ پچھلے ایک سال سے جاری بات چیت کے آخری دور میں اس فوجی اتحاد کا مشن ختم کرنے اور عراق سے چلے جانے کا باضابطہ حکم دے دیا۔
عراق کی قومی سلامتی کے مشیر نے مزید کہا کہ تربیتی معاملات اور مشاورت کی حد تک عالمی فوجی اتحاد کے ساتھ ہمارا رابطہ اور تعاون جاری رہے گا۔
اس سے پہلے ہفتے کے روز عراقی وزیر اعظم مصطفی الکاظمی نے بغداد میں متعین امریکی سفیر میتھیو ٹالر سے ملاقات میں امریکی فوجیوں کے انخلا کے بارے میں تبادلہ خیال کیا تھا۔
عراقی وزیر اعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا تھا کہ اس ملاقات میں عالمی فوجی مشن کے خاتمے اور اسے مشاورتی مشن میں تبدیل کرنے کے طریقہ کار پر غور کیا گیا۔
امریکی حکام نے اس سے پہلے اعلان کیا تھا کہ وہ رواں سال کے آخرتک اپنے فوجیوں کو عراق سے واپس بلانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔