محاذ استقامت کے کمانڈروں کی برسی کے موقع پر عراق میں چار سو پروگراموں کا اہتمام
عراق کی عوامی رضا کار الحشد الشعبی نے اعلان کیا ہے کہ استقامت کےکمانڈروں کی شہادت کی دوسری برسی کے موقع پر عراق کے مختلف علاقوں میں چار سو تعزیتی، مذہبی و سماجی پروگراموں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
عراق کی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے شعبۂ رابطہ عامہ کے سربراہ مہند العقابی نے کہا ہے کہ سپاہ قدس کے کمانڈر شہید جنرل قاسم سلیمانی اور عراق کی حشد الشعبی کے ڈپٹی کمانڈر شہید ابومہدی المہندس کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے آج بدھ کے روز سے بغداد میں مختلف خصوصی پروگرام شروع کئے جا رہے ہیں۔
مہند العقابی نے کہا کہ عراق کے مختلف علاقوں میں الحشد الشعبی، سرکاری و غیر سرکاری اداروں، حسینی موکبوں اور یونیورسٹیوں کی جانب سے چار سو سے زیادہ پروگراموں کے انعقاد کا اندراج کیا گیا ہے۔
مہند العقابی نے کہا کہ امریکہ کے ہاتھوں شہید جنرل قاسم سلیمانی اور شہید ابومہدی المہندس کو شہید کرنے کے وحشیانہ جرم کے موضوع پر فروری کے مہینے میں ایک بین الاقوامی کانفرنس بھی منعقد ہوگی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان دونوں شہدائے والا مقام کے خون سے عہدِ وفاداری کا اعلان اور امریکی جرائم کی مذمت میں ہونے والے ملین مارچ میں شرکت کریں۔
الحشد الشعبی کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ نے عراقی حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ شہداء کے احترام اور اس بین الاقوامی دہشتگردی کو کہ جس نے عراق کو نشانہ بنا رکھا ہے اور علاقے کے ممالک کے لئے خطرہ بنی ہوئی ہے، اکھاڑ پھینکنے میں شہداء کے کردار کے پیش نظر تین جنوری کو عام تعطیل کا اعلان کریں۔
سردار محاذ استقامت شہید قاسم سلیمانی اور عراق کی عوامی رضا کار فورس کے کمانڈر ابومہدی المہندس کی دوسری برسی کے موقع پر ایران اور عراق سمیت دنیا کے مختلف ملکوں میں مختلف قسم کے پروگراموں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے جن میں ان شہدائے والا مقام کو مختلف رنگ و نسل کے لوگ اپنے اپنے انداز میں خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔