Jan ۰۲, ۲۰۲۲ ۱۸:۴۶ Asia/Tehran
  • سعودی اتحاد کو یمن کے ڈرون آپریشن کا اعتراف

عرب ذرائع ابلاغ نے جارح سعودی اتحاد کے خلاف یمنی فوج کے ڈرون حملوں کی خبر دی ہے۔

العربیہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جارح سعودی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے اتوار کو اعلان کیا کہ یمنی فوج نے جنوبی سعودی عرب پر کم سے کم تین ڈرون حملے کئے  ہیں۔ سعودی اتحاد نے ہمیشہ کی طرح ایک بار پھر دعوی کیا کہ ان ڈرون طیاروں کو حملے سے پہلے ہی تباہ کردیا گیا۔

جارح سعودی اتحاد کے ترجمان نے کہا کہ ہم بین الاقوامی قوانین کے مطابق اپنی حفاظت کے لئے لازمی اقدامات انجام دیں گے۔

سعودی عرب کے خلاف یمن کا ڈرون آپریشن ایسے عالم میں انجام پایا ہے کہ سنیچر کی رات شمالی یمن کے صوبہ صعدہ کے الرقوم سرحدی علاقے میں سعودی فوج کی گولہ باری میں چار یمنی شہری شہید اور چار زخمی ہوگئے ہیں۔

اسی کے ساتھ جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے صوبہ شبوہ کے شہر عسیلان کو انیس بار ، صوبہ مآرب کے شہرالوادی کو چھے بار اور شہر صرواح اور الجوبہ کو تین تین بار، صوبہ صعدہ کے شہر کتاف کو سات مرتبہ اور شہرالطاہر کو چاربار اپنے حملوں کا نشانہ بنایا۔ درایں اثنا انسان دوستانہ امور میں اقوام متحدہ کے کوآرڈینیٹر نے سعودی عرب کی جانب سے صنعا ایئرپورٹ پر ٹیکنیکل  آلات کی منتقلی روک دیئے جانے کی خبردی ہے۔

روسیہ الیوم ٹی وی نے خبردی ہے کہ انسان دوستانہ امور میں اقوام متحدہ کے کوآرڈینیٹر ڈیویڈ گریسلے نے کہا ہے کہ صنعا ایئرپورٹ پر سعودی عرب کے جنگی طیاروں کے حملے کے بعد اس ایئرپورٹ کے مواصلاتی نظام میں تکنیکی خرابیاں پیدا ہوگئی ہیں۔

گریسلے نے کہا کہ گزشتہ اٹھارہ مہینے کے دوران اقوام متحدہ کی انسان دوستانہ پروازوں کے عملے نے کم سے کم دس بار رپورٹ کی ہے کہ وہ صنعا ایئر پورٹ کے کنٹرول ٹاور سے رابطہ برقرار کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے اور یہ خطرناک صورت حال جاری ہے۔

ڈیوڈ گریسلے نے کہا کہ صنعا کے  شہری ہوابازی کے ادارے نے دوہزارانیس میں کنٹرول اور نگرانی کے آلات خریدنے کی درخواست کی تھی اور اقوام متحدہ نے بھی اس کی اجازت دے دی تھی  لیکن سعودی اتحاد ان آلات کو منتقل کرنے کی اجازت نہیں دی۔

انھوں نے سعودی عرب سے مطالبہ کیا ہے کہ ان آلات کو صنعا ایئرپورٹ پہنچانے کی اجازت دے اور  حتی تکنیکی وجوہات کی بنا پر بھی انسان دوستانہ پروازوں کو روکنے سے اجتناب کرے۔

یاد رہے کہ صنعا ایئرپورٹ ہی یمن کے لئے انسان دوستانہ امداد پہنچانے کا واحد راستہ  ہے کہ جو سات سال سے جارح سعودی اتحاد کی جارحیت کا شکار ہے اور گزشتہ برس کے اواخر میں جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں کے حملوں میں اس ہوائی اڈے کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔

 

ٹیگس