عراقی عوام اور استقامتی محاذ کی قدردانی
ہادی العامری نے شہید جنرل قاسم سلیمانی اور شہید ابومہدی المہندس کی دوسری برسی کے پروگرام میں بڑے پیمانے پر عوام کی شرکت کی قدردانی کی۔
العہد خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراقی پارلیمنٹ میں فتح الائنس کے سربراہ ہادی العامری نے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے قدس بریگیڈ کے کمانڈر شہید جنرل قاسم سلیمانی اور رضاکار فورس الحشدالشعبی کے ڈپٹی کمانڈر شہید ابومہدی المہندس کی دوسری برسی کے موقع پر عوام اور استقامتی گروہوں کی بڑے پیمانے پر شرکت کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ بڑے پیمانے پر منعقد ہونے والے اجتماعات میں عوام کی بڑے پیمانے پر شرکت، دشمن کیلئے سیاسی پیغام ہے۔
دسیوں ہزار عراقی شہریوں نے اتوار اور پیر کی درمیانی رات بغداد ایئرپورٹ کے قریب جس مقام پر سپاہ پاسداران انقلاب کے قدس بریگیڈ کے کمانڈر شہید جنرل قاسم سلیمانی اور رضاکار فورس الحشدالشعبی کے ڈپٹی کمانڈر شہید ابومہدی المہندس کو دہشت گردانہ حملہ کرکے شہید کیا تھا عظیم الشان اجتماع منعقد کیا ۔
سرداران محاذ استقامت کی یاد میں ہونے والے اس اجتماع میں ایران و عراق کے قومی ترانے نشر کئے گئے اور شمعیں جلائی گئیں ۔ ان ترانوں کے نشر ہونے سے پتہ چلتا ہے کہ سرداران استقامت کی شہادت نے دونوں ملکوں کی اتحاد کو اور مضبوط بنایا ہے اور امریکی فوجی چھاؤنی کے قریب نشر کئے جانے والے ان ترانوں سے قاتلوں کو خاص پیغام گیا ہے۔
واضح رہے کہ 3 جنوری کو اسلامی جمہوریہ ایران، عراق، شام، لبنان، فلسطین، یمن، ترکی، افغانستان، ہندوستان اور پاکستان کے علاوہ یورپی، مغربی اور افریقی ممالک میں بھی سرداران محاذ استقامت، ایران کی سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی، عراق کی عوامی رضاکار فورس کے کمانڈر جنرل ابو مہدی المہندس اور ان کے ساتھیوں کی دوسری برسی منائی گئی۔
خیال رہے کہ عسکری میدان کے علاوہ کروڑوں دلوں کے فاتح جنرل سلیمانی کو امریکی دہشتگردوں نے تین جنوری دوہزار بیس میں اپنے سابق امریکی صدر ٹرمپ کے براہ راست حکم سے اُس وقت شہید کر دیا تھا جب وہ عراقی حکومت کی باضابطہ دعوت پر بغداد پہنچے تھے، آپ کے ساتھ عراق کی عوامی رضاکار فورس حشد الشعبی کے ڈپٹی کمانڈر جنرل ابو مہدی المہندس اور چند ساتھی بھی شہید ہو گئے تھے۔