Jan ۰۸, ۲۰۲۲ ۲۳:۲۱ Asia/Tehran
  • عراق کے سینئر سنی عالم دین نے جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کی وجہ بتا دی!!!

عراق میں وفاق علمائے اہل سنت کے سربراہ شیخ خالد عبدالوہاب الملا کا کہنا ہے کہ شہید جنرل سلیمانی اور ابو مہدی المہندس امریکی منصوبے کو ناکام بنانے کی وجہ سے شہید ہوئے۔

فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شیخ خالد الملا  نے جنرل قاسم سلیمانی اور ابو مہدی المہندس کی شہادت کی دوسری برسی کے موقع پر تاکید کی کہ یہ دو شہیدوں نے امریکی منصوبے کے نفاذ میں رکاوٹ پیدا کی اور اُسے آگے  بڑھنے سے روک دیا۔

انہوں نے کہا کہ جنرل شہید سلیمانی اور جنرل ابو مہدی المہندس کو اس لئے قتل کیا گیا کہ انہوں نے عراق میں امریکا کے منصوبے کو ناکام بنا دیا تھا۔

انہوں نے تاکید کی ہے کہ ان کمانڈروں نے اسپائکر کے سازشی منصوبے کو آگے بڑھنے سے روکا جس میں امریکا ہم سب کو قربان کرنا چاہتا تھا۔

عراق کے شمالی شہر تکریت میں واقع اسپائکر ایئربیس کیس سے معروف واقعے میں ایک ہزار سات سو فوجی جوانوں کو نہایت ہی بے دردی کے ساتھ قتل کر دیا گیا تھا۔ عراقی جوانوں کے قتل عام کا یہ المناک واقعہ 12 جون 2014 میں داعش کے ہاتھوں عراق کے شمالی علاقوں پر قبضہ کرنے کے بعد پیش آیا تھا۔ اس واقعے میں اسپائکر ایئربیس میں زیر تربیت ایک ہزار سات سو جوانوں کو جن میں زیادہ تر عراق کے جنوبی اور مرکزی علاقوں سے تعلق رکھتے تھے، اجتماعی طور پر قتل کر دیا گیا تھا۔

عراق میں وفاق علمائے اہل سنت کے سربراہ شیخ خالد عبدالوہاب الملا نے دہشتگردی کے سلسلے میں مغرب کے دوہرے معیار پر بھی کڑی نکتہ چینی کی اور کہا کہ جب ہمارے بچے دہشتگردی کا مقابلہ کرتے ہیں تو ان پر عسکریت پسندی کے الزامات عائد کئے جاتے ہیں لیکن جب دہشتگرد ٹولے داعش کی بات آتی ہے تو اُسے حکومت اسلامی کہہ کر پکارتے ہیں۔

ٹیگس