Jan ۱۷, ۲۰۲۲ ۲۲:۰۴ Asia/Tehran

صیہونی فوجیوں نے ایک فلسطینی نوجوان کو گولی مار کر شہید کر دیا ہے۔

فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پیر کے روز صیہونی فوجیوں اور ایک صیہونی آبادکار نے ایک فلسطینی پر یہ الزام عائد کرکے گولی چلا دی کہ وہ ویسٹ بینک کے علاقے میں حملہ کرنے والا تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ فلسطینی کو ویسٹ بینک کے بیت لحم اور بیت فجار کے علاقے کے درمیان گولی ماری گئی۔

فلسطین کی شہاب نیوز ایجنسی نے رپورٹ دی ہے کہ صیہونیوں نے دعوی کیا ہے کہ یہ فلسطینی نوجوان غوش عتصیون علاقے کے نزدیک چاقو سے حملہ کرنے کا ارادہ رکھتا تھا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ صیہونیوں نے اس فلسطینی نوجوان کو زخمی حالت میں زمین پر پڑا ہوا چھوڑ دیا ہے جبکہ اس کے بدن سے بہت زیادہ خون بہہ رہا ہے اور اس کو امداد تک نہیں دی گئی۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے غرب اردن کے شہر الخلیل میں فلسطینیوں کی عوامی استقامتی تحریک کے ایک سرکردہ رہنما شیخ سلیمان الہذالین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے تھے ۔

سرکردہ فلسطینی مجاہد شیخ سلیمان الہذالین کو ایک ہفتے قبل، صیہونی فوجی نے اپنے ٹرک سے کچل دیا تھا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے تھے۔ فلسطینی ذرائع نے الخلیل کی عوامی استقامتی تحریک کے سرکردہ رہنما شیخ سلیمان کی شہادت کی تصدیق کردی ہے۔

ٹیگس