انصار اللہ کا یو اے ای کو انتباہ، باز آ جاؤ، ابھی تو صرف ٹریلر دکھایا ہے
تحریک انصاراللہ کے پولیت بیورو کے سینيئر رکن نے متحدہ عرب امارات کے اندر انجام دئے گئے طوفانِ یمن نامی آپریشن کو ایک ٹریلر سے تعبیر کیا ہے۔
محمد البخیتی نے دبئی اور ابوظہبی ایئر پورٹوں پر میزائیل اور ڈرون کارروائی کو امارات کے اندر جواب کا نقطہ آغاز بتاتے ہوئے کہا کہ ہم ابو ظہبی کو جارحیت کے تعلق سے انتباہ دے رہے ہیں۔
انہوں نے المیادین ٹی وی چینل سے انٹرویو میں کہا: ”امارات نے یمن پر اپنی جارحیت جاری رکھی حالانکہ ہم نے اس ملک کو یمن سے دھیرے دھیرے پیچھے ہٹنے کا موقع دیا۔ سعودی عرب نے امارات کو یمن میں پھنسا دیا اور یمن جنگ میں مایوسی کے بعد بہت سے صوبے امارات کو سونپ دیئے۔ “
یمن کی تحریک انصاراللہ کے پولیت بیورو کےسینيئر رکن نے کہا کہ امارات نے یمن کے تعلق سے اپنے اندازے میں غلطی کی اور اب ہماری طاقت و توانائی ابوظہبی کے سامنے روشن ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ”طوفان یمن“ کارروائی میں اہم مقامات کو نشانہ بنایا گیا اور ہماری نظر میں اس سے بھی زیادہ اہم مقامات ہیں۔
محمد البخیتی نے کہا: یواےای کے سبھی اہم اہداف یمنی میزائیل اور ڈرون دسترس میں ہیں، امارات پر یمن کے حملوں کا دائرہ پھیلتا جائے گا۔ ہم اپنے فوجی اہداف کو وسیع کریں گے۔
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے پیر کے روز متحدہ عرب امارات میں ”طوفان یمن“ کارروائی کی وضاحت میں کہا کہ یمن کی مسلح افواج نے اس کارراوئی میں دبئی اور ابو ظہبی ایئر پورٹ اور ابوظہبی کے المصفح میں آئل ریفائنری کو نشانہ بنایا جو اس ملک کا بہت ہی اہم مرکز ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ”طوفان یمن“ کارروائی کے دوران پانچ بیلسٹک اور کروز میزائیل اور بڑی تعداد میں ڈرون استعمال ہوئے۔
یمنی فوج کے ترجمان نے مزید کہا کہ انہوں نے جارح ممالک کو پہلے بارہا خبردار کیا تھا کہ وہ اپنی جارحیتوں اور من مانیوں سے باز آجائیں ورنہ انہیں دردناک حملوں کا سامنا کرنا پڑے گا، مگر انہوں نے یمنی عوام کے خلاف اپنی جارحیتوں کا سلسلہ بند نہیں کیا جس کے بعد یمنی فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اپنے انتباہ کے مطابق عمل کیا۔
انہوں نے متحدہ عرب امارات میں سرگرم غیر ملکی کمپنیوں اور شہریوں کو خبردار کیا کہ وہ اپنی جان کی حفاظت کے پیش نظر اس ملک کے حساس مقامات کے قریب جانے سے پرہیز کریں۔ یحییٰ السریع نے دوٹوک لفظوں میں متحدہ عرب امارات کو خبردار کیا کہ اگر یمنی عوام کے خلاف اسکی جارحیتوں کا سلسلہ جاری رہا تو اس ملک کا پر امن ماحول برقرار نہیں رہ سکے گا۔