Jan ۲۳, ۲۰۲۲ ۰۸:۱۴ Asia/Tehran
  • ایران اور ترکی کے سربراہان مملکت کی ٹیلی فونی گفتگو، فریقین تعلقات کی مزید توسیع کے خواہاں

ایران اور ترکی کے سربراہان مملکت نے ٹیلی فون پر بات چیت کر کے مختلف دو طرفہ مسائل اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

اس موقع پر صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے تہران اور انقرہ کے مابین دوطرفہ اور علاقائی مسائل کے حوالے سے پائی جانے والی گنجائشوں کا ذکر کیا اور کہا کہ ایران دونوں ممالک کے مابین اسٹریٹیجک تعاون کے لئے منصوبہ بندی کی حمایت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ترکی کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے ایک طویل مدتی اور ہمہ جہتی نگاہ کا حامل ہے۔ ساتھ ہی صدرِ ایران نے ترک صدر کو یاد ہانی کرائی کہ دیگر ممالک کے اقتدار اعلیٰ اور ارضی سالمیت خطے اور علاقائی ممالک کے امن و استحکام کا واحد راہ حل ہے۔

یاد رہے کہ اس وقت ترج فوج عراق اور شام کے بعض علاقوں میں غیر قانونی طور پر موجود ہے۔

اس گفتگو میں ترک صدر رجب طیب اردوغان نے کہا کہ انکے ملک نے ایران کے ساتھ اقتصادی شعبے میں تعاون اور تہران انقرہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لئے ایک فہرست تیار کی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے عنقریب تہران کے دورے کے لئے اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔

رجب طیب اردوغان نے مزید کہا کہ انقرہ تہران سے انرجی کی فراہمی پر زور دیتا ہے اور وہ اُسے اس شعبے میں ایک قابل اعتماد ملک سمجھتے ہوئے باہمی تعاون کی سطح کو بڑھانے کا خواہشمند ہے۔

ترک صدر نے اسی طرح صدرِ ایران کے دورہ روس کا ذکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ عنقریب اس سفر کے مثبت اور مفید نتائج مختلف علاقوں میں ظاہر ہوں گے۔

ٹیگس