صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات منقطع کرنے کے ترکیہ کے اقدام کی ایرانی وزیرخارجہ کی جانب سے قدردانی
ایران کے وزیرخارجہ نے او آئی سی اجلاس کے موقع پر اپنے ترک ہم منصب سے ملاقات میں نسل کش صیہونی حکومت کے ساتھ تجارتی روابط منقطع کرنے کے ترکیہ کے اقدام کی قدردانی کی ہے -
سحرنیوز/ ایران: موصولہ خبروں کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے گیمبیا کے دارالحکومت بنجول میں اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان کے ساتھ ملاقات میں، غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ ترکیہ کی حکومت کے اقتصادی اور تجارتی تعلقات منقطع کرنے کے حالیہ فیصلے کو اہم قرار دیا۔
امیر عبداللہیان نے فلسطینیوں بالخصوص غزہ میں صیہونی حکومت کے جرائم کی مذمت کرتے ہوئے مسئلہ فلسطین کی حمایت میں اسلامی ممالک بالخصوص ایران اور ترکیہ کے مضبوط اور فعال کردار ادا کرنے کی ضرورت کی یادآوری کرائی- وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے ایران کی مسلح افواج کے جائز دفاع کے فریم ورک میں اسرائیل کی نسل کش حکومت کے خلاف وعدہ صادق نامی طاقتور اور تنبیہی کارروائی انجام دیئے جانے کی بھی وضاحت کی۔
ترکیہ کے وزیر خارجہ نے بھی ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کے فروغ کو انقرہ کی ترجیحات میں سے قرار دیا اور علاقائی اور بین الاقوامی فورمز میں تہران کے ساتھ مضبوط تعاون کا خیرمقدم کیا۔