Jan ۲۹, ۲۰۲۲ ۱۶:۳۸ Asia/Tehran
  • بغداد ہوائی اڈے پر حملہ ایک دہشتگردانہ سازش ہے، عراق کے سیاسی رہنماؤں کا بیان

عراق کی مختلف جماعتوں کے رہنماؤں اور سیاسی شخصیتوں نے بغداد ہوائی اڈے پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ملک میں بدامنی اور عدم استحکام پیدا کرنے کے لئے دشمنوں کی سازش قرار دیا ہے۔

عراق کی عصائب اہل الحق تحریک کے سربراہ نے بغداد کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعے سے ناجائز فائدہ اٹھانے والوں کے مقابلے میں ہوشیاری سے کام لینے کی ضرورت ہے.

انہوں نے کہا کہ عراق کے سیکورٹی اداروں کو اس حملے کے سلسلے میں اہم سراغ ملے ہیں جن سے اس حملے کے دہشتگردانہ ہونے کی تصدیق ہوتی ہے۔ شیخ قیس خزعلی نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ بعض عناصر بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ہونے والے حملے کے واقعے سے ناجائز فائدہ اٹھانا اور عراق میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں-

عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد الحلبوسی نے بھی بغداد ایئرپورٹ پر حملے کو براہ راست اس ملک کے اقتدار اعلی پر حملہ قرار دیا ہے۔ عراق کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد الحلبوسی نے سنیچر کو اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ بغداد کے انٹرنیشنل ہوائی اڈے پر حملہ براہ راست ملک کے اقتدار اعلی اور بنیادی ڈھانچے پر حملہ ہے اور اس سے عراق کی حیثیت اور اقتدار اعلی کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔

عراق کے سیکورٹی ادارے کے انفارمیشن سینٹر اعلام الامنی نے ایک بیان جاری کر کے جمعے کی صبح بغداد کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہونے والے حملے کی وضاحت پیش کی۔ عراق کے سیکورٹی ادارے کے انفارمیشن دفتر اعلام الامنی نے اپنے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ کچھ کالعدم گروہوں نے جمعے کی صبح بغداد کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی جانب چھے کاٹیوشا راکٹ فائر کئے جس کے نتیجے میں دو طیاروں کو نقصان پہنچا۔

ایران کی وزارت خارجہ نے بھی بغداد کے ہوائی اڈے کو نشانہ بنائے جانے کو عراق کے امن و استحکام کو درہم برہم کرنے کے تناظر میں قرار دیا اور اس کی مذمت کی۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے سنیجر کو بغداد ایئرپورٹ پر ہونے والے حملے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے مشکوک اقدامات عراق میں بدامنی اور آشوب پیدا ہونے کا باعث ہوں گے اور اس سے عراق پر بری نظر رکھنے والوں اور فتنہ گروں کا راستہ ہموار ہوگا اور نتیجتاً حکومت کی جانب سے شہریوں کے لئے خدمت رسانی کا عمل متاثر ہوگا۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے یاد ہانی کرائی کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ہمیشہ عراق میں امن و امان کی برقراری، توسیع و ترقی، پورے ملک میں قیام امن اور اتحاد و یکجہتی کی حمایت اور عراق میں امن و استحکام کے قیام کے لئے حکومت عراق کی کوششوں کی حمایت ہے۔

ٹیگس