یمنی حملے سعودی اتحاد کی جارحیت کا جواب ہیں
یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ سعودی اتحاد کے خلاف کئے جانے والے حملے جوابی ہیں ۔
المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے وزیراعظم عبدالعزیز بن حبتور نے کہا ہے کہ جب تک یمنی عوام پر سعودی اتحاد کی جارحیت جاری ہے یمن کی مسلح افواج کی جانب سے جوابی حملے جاری رہیں گے۔
انھوں نے کہا کہ سعودی اتحاد کی جانب سے حملے یمن کے رہائشی علاقوں کے علاوہ ہوائی اڈوں، کارخانوں، مساجد اور اسکولوں نیز اسپتالوں پر کئے جاتے رہے ہیں۔
یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے وزیراعظم نے جارح سعودی اتحاد کی حمایت میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے موقف پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلامتی کونسل ایک ایسا عالمی ادارہ بنا ہوا ہے جہاں نفاق پل رہا ہے اور یمن کے رہائشی علاقوں پر سعودی اتحاد کے حملوں سے چشم پوشی کی جا رہی ہے۔
اس سے قبل یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے اعلان کیا تھا کہ طوفان یمن تین کارروائی کے دوران متحدہ عرب امارات کے اندر بھی کارروائی کی گئی اور یمنی فوج نے ابوظہبی میں اسٹریٹیجک مراکز کو میزائل حملوں کا نشانہ بنایا۔
یمن کے خلاف سعودی حکومت اوراس کے اتحادیوں کے حملوں میں اب تک لاکھوں یمنی شہید اور زخمی ہوچکے ہیں جبکہ چالیس لاکھ سے زیادہ افراد بےگھر اور دربدر ہوچکے ہیں۔