Feb ۰۴, ۲۰۲۲ ۰۸:۲۹ Asia/Tehran
  • عرب امارات امریکی خوشنودی حاصل کرنے کے درپے:عبد الملک الحوثی

یمن کی قومی حکومت کے نگران اعلیٰ اور تحریک انصار اللہ کے سربراہ نے دوٹوک لفظوں میں اعلان کیا ہے کہ وہ کسی قیمت پر ملک پر دشمن کے قبضے کو برداشت نہیں کریں گے۔

یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے نگران اعلیٰ اور تحریک انصار اللہ کے سربراہ سید عبد الملک بدرالدین الحوثی نے ماہ رجب کے آغاز کی مناسبت سے جمعرات کو یمنی عوام سے خطاب کیا۔

انہوں نے اس موقع پر کہا کہ اس وقت دشمن ہمارے ملک پر مکمل تسلط حاصل کرنے کے لئے جنگ کر رہا ہے جس کی وجہ سے ہمیں مشکلات کا سامنا ضرور ہے مگر ہم اپنا موقف واضح کر چکے ہیں کہ ایمان اور صبر کے ساتھ ساتھ جہاد کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

حکومتِ یمن کے نگران اعلیٰ نے دو ٹوک لفظوں میں کہا کہ ہمارا موققف حریت و آزادی کا ترجمان ہے اور ہم کسی قیمت پر ذلت و رسوائی کو برداشت نہیں کر سکتے اور قطعی طور پر ہم اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ دشمن ہم پر مسلط ہو جائے۔

تحریک انصار اللہ کے سربراہ نے سعودی عرب اور اسکے اتحادیوں کی جنگ میں یمنی عوام کو حقیقی طور پر جنگ کا فاتح قرار دیا اور کہا کہ امریکہ، اسرائیل اور برطانیہ نے عرب امارات کو اس بات پر مجبور کیا کہ وہ پھر سے یمن کے ساتھ کشیدگی کو ہوا دے اور اس طرح انہوں نے اس ملک کو مشکلات میں ڈال دیا۔

سید عبد الملک نے عرب امارات کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اس جنگ میں اُسے سخت ہزیمت اٹھانا پڑے گی۔ انہوں نے جنگ یمن میں عرب امارات کو امریکہ، برطانیہ اور اسرائیل کا ایجنٹ قرار دیا اور کہا کہ عرب امارات امریکی خوشنودی حاصل کرنے کے درپے ہے، صیہونیوں سے دوستی کر رہا ہے اور برطانیہ سے اپنی قربت بڑھا رہا ہے مگر وہ جان لے کہ وہ عذاب الٰہی میں گرفتار ہوگا۔

انہوں نے دوٹوک لفظوں میں کہا کہ سعودی عرب اور اسکے اتحادی اور حامی ممالک یمنی عوام پر جتنا دباؤ بنا لیں اور اُن کا محاصرہ چاہے جتنا سخت کر لیں مگر شکست و ناکامی جارح ممالک کا ہی مقدر ہے۔

ٹیگس