اسرائیل اور یو اے ای کے درمیان پرواز بند ہو سکتی ہے!
اسرائیلی میڈیا نے خبر دی ہے کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان سیکورٹی اختلافات کی وجہ سے ممکن ہے کہ اسرائیل سے دبئی کے لئے پروازیں بند ہو جائیں۔
عبری ویب سائٹ والا کے نامہ نگار باراک راوید نے اسرائیلی حکام کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیلی کی داخلی خفیہ ایجنسی شاباک اور متحدہ عرب امارات کے حکام کے درمیان، دبئی ائیرپورٹ کی سیکورٹی کے بارے میں پیدا ہونے والے اختلافات کی وجہ سے ممکن ہے کہ صیہونی حکومت سے دبئی کے لئے آنے جانے والی تمام پروازیں کینسل ہو جائیں۔
والا ویب سائٹ کے نامہ نگار نے بتایا کہ اگر دونوں فریق اپنے اختلافات حل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے تو ممکن ہے کہ 8 فروری سے اسرائیل سے دبئی جانے والی تمام پروازیں کینسل ہو جائیں۔
اسرائیل کی داخلی خفیہ ایجنسی شاباک کے ایک عہدیدار نے والا ویب سائٹ کے نامہ نگار کو بتایا کہ چوں کہ پروازوں کی سیکورٹی کی ضمانت نہیں لی گئی اسی لئے ہو سکتا ہے کہ اگلے تین دن کے اندر اسرائیل اور دبئی کے درمیان ساری پروازیں کینسل ہو جائیں۔
والا ویب سائٹ کے خبرنگار نے بتایا کہ سیاسی اختلافات نہیں ہیں، فنی ہیں جبکہ حکام اسرائیل سے آنے والے طیاروں کو دبئی کے بجائے ابوظہبی ائیرپورٹ پر منتقل کرنے پر غور کر رہے ہيں۔